ٹوئٹر میں رقوم بھجوانے اور منگوانے کے فیچر پر کام شروع

image

 سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پیمنٹ فیچر متعارف کرانے کے منصوبے پر پیشرفت کی گئی، ایلون مسک کافی عرصے سے ٹوئٹر میں پیمنٹ سروسز کو شامل کرنے کی بات کررہے تھے 

 واشنگٹن: کمپنی ذرائع کے مطابق ٹوئٹر کے سی ای او ایلون مسک ٹوئٹر کی آمدنی میں اضافے کے لیے نئے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔ ایلون مسک نے کہا کہ ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن پلان سے صارفین اس پلیٹ فارم کو پیمنٹس کے لیے استعمال کرسکیں گے اور ایک دوسرے کو رقوم بھیج سکیں گے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر کا پیمنٹ سسٹم بینک اکاؤنٹس اور ڈیبٹ کارڈ سے منسلک ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق پیمنٹ سروسز کو ایپ کا حصہ بنانے کے لیے ٹوئٹر کی جانب سے امریکا میں ریگولیٹری لائسنس کے حصول پر کام کیا جارہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنی کو توقع ہے کہ لائسنس کا عمل ایک سال کے اندر مکمل ہوجائے گا، اس سے قبل ٹوئٹر نے نومبر 2022 میں پیمنٹ سروسز کے لیے امریکی محکمہ خزانہ میں رجسٹریشن کرائی تھی اور اب لائسنس کے حصول کے لیے کام کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ ایلون مسک معروف سروس پے پال کے شریک بانی بھی رہے ہیں اور انہیں اس طرح کے پیمنٹ سسٹم کے بارے میں کافی کچھ معلوم ہے اگر یہ منصوبہ کامیاب ہوتا ہے تو یہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو سپر ایپ میں تبدیل کرنے کے حوالے سے پیشرفت ہوگی۔