خواتین کیلئے دن میں چند منٹ کی باقاعدہ ورزش سے اپنی صحت اور فٹنس برقرار رکھنا ممکن

اچھی ذہنی اور جسمانی صحت کیلئے روزانہ کم از کم 30 منٹ ورزش ضروری، اکثر خواتین مختلف گھریلو ذمہ داریوں میں مصروف رہنے کے باعث اپنی فٹنس برقرار رکھنے کیلئے جم جانے کیلئے وقت نہیں نکال سکتیں، باقاعدگی سے واک کرنا خواتین کو ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، ورزش کے انتخاب کیلئے خواتین کو اپنے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کر لینا چاہیئے۔
اسلام آباد: جسمانی طور پر فٹ رہنا صرف پروفیشنل زندگی کیلئے ہی نہیں بلکہ روزمرہ زندگی اور اس کی خوشیوں کیلئے بھی اشد ضروری ہے۔ جو خواتین سارا دن مختلف کاموں میں مصروف رہتی ہیں، روزانہ کی بنیاد پر چند منٹ کی باقاعدہ ورزش کو معمول بنا کر اپنی صحت اور فٹنس کو یقینی بنا سکتی ہیں۔ ہمارے ہاں یہ بات رائج ہے کہ ورزش صرف مرد حضرات کی باڈی بلڈنگ کے عمل تک محدود اور ضروری ہے، جبکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق ورزش جتنی مرد حضرات کیلئے مفید ہے، اتنی ہی عورتوں کیلئے بھی مفید ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین بھی ورزش کرنے کیلئے مختلف مشینوں یا باقاعدگی سے 'جم' کا سہارا لے سکتی ہیں۔ ماہرین صحت کی جانب سے خواتین کیلئے کچھ ایسی 'ایکسرسائز' متعارف کرائی گئی ہیں جن کا مقصد کسی مشکل صورتحال میں اپنی حفاظت کرنا ہے۔ خواتین کی اچھی ذہنی اور جسمانی صحت کیلئے باقاعدہ جسمانی سرگرمیاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔
ایک نئی تحقیق کے مطابق اچھی ذہنی اور جسمانی صحت کیلئے روزانہ کم از کم 30 منٹ کی ورزش خواتین کیلئے اشد ضروری ہے۔ بہت ساری خواتین بچوں کی پرورش، گھریلو ذمہ داریوں اور نوکری وغیرہ میں مصروف رہتی ہے۔ ایسی خواتین اپنے لئے وقت نہیں نکال پاتیں، ان خواتین کیلئے ضروری ہے کہ وہ ورزش کے وقت اپنے بچوں کو دیکھ بھال کیلئے کسی قابل اعتماد قریبی رشتہ دار یا دوست کے گھر پر چھوڑ دیں اور اپنی ورزش جاری رکھیں۔
ورزش کے متعلق ایک رجحان یہ بھی ہے کہ ان کیلئے مہنگے 'جم' جانا ضروری ہے جبکہ ورزش کی ایک بہترین شکل تیز چلنا بھی ہے۔ باقاعدگی سے واک خواتین کو ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ رکھنے میں بہترین مدد گار ہوتی ہے۔ اگر خواتین اپنا وزن کم کرنا چاہتی ہیں تو وہ اپنے گھر کے تمام کاموں مثلاً جھاڑو دینا، کپڑے دھونا وغیرہ جیسے کاموں میں مصروف رہیں۔ ایسا کرنے سے خود بخود ان کی ورزش ہو جائے گی۔
خواتین کیلئے یہ ضروری ہے کہ وہ پہلے ان مسائل کی نشاندہی کریں جو ورزش کرنے میں رکاوٹ بننے کا سبب ہیں۔ خواتین کیلئے ضروری ہے کہ وہ ورزش کے انتخاب کیلئے اپنے ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ اس کے علاوہ روزمرہ زندگی کے معمولات کے ساتھ ساتھ ایسی سرگرمیوں کا انتخاب کریں جن سے خواتین لطف اندوز ہوں اور جسمانی طور پر بھی پرسکون رہ سکیں۔ خواتین کیلئے ورزش نہ کرنے سے تھوڑی ورزش کر لینا بہتر ہے۔