ملک کو تیل سپلائی کرنے والا اہم ادارہ تباہی کے دہانے پر

image

 

 

پی ایس او کا گردشی قرضہ 718 ارب روپے سے تجاوز کر گیا، گیس کمپنیاں اور ریفائنریز اب ادھار پر چلنے لگیں، سوئی نادرن کمپنی پی ایس او کی 448 ارب روپے کی مقروض ہے۔

اسلام آباد: تفصیلات کے مطابق ملک کو تیل سپلائی کرنے والا اہم ادارہ تباہی کے دہانے پر جا پہنچا ہے۔ پی ایس او کا گردشی قرضہ پہلی مرتبہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا ہے۔ ملک کے مختلف ادارے پی ایس او کا ادھار واپس کرنے میں ناکام ہیں۔

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پاکستان سٹیٹ آئل کا گردشی قرضہ 718 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق اس وقت ملک کے پاور سیکٹر، پی آئی اے، گیس کمپنیاں اور ریفائنریز سب ادھار پر چل رہے ہیں۔ سوئی نادرن کمپنی پی ایس او کی 448 ارب روپے کی مقروض ہو چکی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جینکوز اور سی پی پی اے کے ذمہ پی ایس او کے 148 ارب روپے ہیں۔ حبکو اور کیپکو کے ذمہ 30 ارب، پی آئی اے کے ذمہ 24 ارب روپے واجب الادا ہیں۔ ایکسچینج ریٹ میں فرق سے مجموعی طور 58 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔