پاکستان میں سنگین سیاسی اور سماجی بحران

image

 

اس وقت پاکستان سنگین بحرانوں کا شکار ہے اور عالمی برادری کی نظریں بھی اس وقت پاکستان کی جانب لگی ہوئی ہیں۔ ایک وقت تھا کہ مملکت خداداد پاکستان امن کا گہوارہ ہوتا تھا اور معاشی حالات کے حوالے سے بھی پاکستان مستحکم تھا لیکن نہ جانے کس کی نظر لگ گئی، ہمارے ملک کو آئے دن نئے نئے بحرانوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے-

اس وقت سب سے اہم بحران جس سے پاکستان گزر رہا ہے وہ ہے سیاسی بحران، پاکستان میں اس وقت سیاسی افراتفری مایوس کن ہے اور آئین کی سرعام دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ ملک کے سیاسی لیڈر اس وقت اپنی انا کی تسکین کیلئے جو کچھ ان کے بس میں ہے کرنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں اور عوام کی مشکلات میں اضافہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ ہر نئی خبر نظر سے گزرتی ہے کہ آج فلاں جگہ پولیس کی شیلنگ سے کئی لوگ زخمی، آج فلاں جگہ پر پولیس تشدد سے کارکن زخمی لیکن آخر میں پھر نقصان پاکستان اور اسکی عوام کا ہوتا ہے۔ 

دوسرا بڑا بحران معیشت کی تباہی ہے جس سے روپے کی قدر دن بدن کم ہوتی جا رہی ہے اور ڈالر دن بدن اپنی اڑان کو آسمان کی بلندیوں تک لے جا رہا ہے۔ اس بحران کی وجہ سے اور حکمرانوں پر عدم اعتماد کی وجہ سے ملک سے باہر بیٹھے لوگوں نے ملک میں پیسے بھیجنے چھوڑ دیے ہیں جس کی وجہ سے معیشت سنبھلنے کا نام نہیں لے رہی اور پاکستان ڈیفالٹ کے قریب پہنچ چکا ہے۔ ملکی حالات کو دیکھ کر برادر ممالک بھی مدد کرنے سے ہچکچا رہے ہیں اور زرمبادلہ کے ذخائر کم سے کم ہوتے جا رہے ہیں۔ 

اس کے علاوہ تیسرا بڑا بحران مہنگائی ہے جس نے غریب عوام کا بھرگس نکال کر رکھ دیا ہے۔ پاکستان میں اس وقت مہنگائی تاریخ کی بلندترین سطح پر ہے جس میں ایک غریب کا گزارہ ناممکن ہے اور سفید پوش لوگ فاقوں کی حالت تک جا پہنچے ہیں۔ تاریخ کی اس بد ترین مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے اور ہر بندہ اس عذاب کی کیفیت سے گزر رہا ہے لیکن دوسری جانب اس ملک کی اشرافیہ دونوں ہاتھوں سے عوام کا خون نچوڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی۔ 

اسی طرح ملک میں الیکشن کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال بھی مایوس کن ہے۔ ملک کے 2 بڑے صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل کر دی گئی ہیں اور ان میں الیکشن بالترتیب 30 اپریل اور 28 مئی کو ہونے جا رہے ہیں۔ یہ ایک ایسا مسئلہ بن گیا ہے کہ اب ملک میں اگر ایک ساتھ الیکشن نہ ہوئے تو عجیب سی صورتحال ہو سکتی ہے۔ آدھے ملک میں الیکشن پہلے ہوں گے اور آدھے ملک میں 6 مہینے بعد حالانکہ وفاق میں حکومت بنانے کیلیے بھی بہت سے چیلنجز درپیش ہوں گے۔ 

اس وقت ملک کے جس بھی شعبہ پر نظر دوڑائیں تو اس میں بے چینی اور بد امنی ہی نظر آئے گی۔ اللہ تعالی ہمارے ملک کی حفاظت فرمائے اور ایسے دلیر اور  باشعور حکمران عطا فرمائے جو ملک کو ان بحرانوں سے نجات دلائیں اور عوام کو اس صورتحال سے نجات دلا کر حقیقی معنوں میں انکے حقوق انکی دہلیز پر پہنچائیں۔ اللہ پاک پاکستان کو گندی نظر سے بچائیں اور اسے ہمیشہ قائم و دائم رکھیں- آمین