وٹامن اور معدنیات کی کمی گنج پن کی بڑی وجہ قرار

image

زیادہ تر مرد حضرات گنج پن کا شکار، ہمیں اپنے جسم اور چہرے کی طرح بالوں کا بھی دھیان رکھنا چاہئیے، وٹامن بی اور بی 12 کی کمی بالوں کے گرنے کو بڑھا سکتی ہے۔

بوسٹن: (ویب ڈیسک) ماہرین کافی عرصے سے بعض غذائی اجزاء کی کمی اور گنج پن کے درمیان تعلق پر غور کر رہے ہیں۔ گنج پن کی عام کیفیت کو ایلوپیشیا کہا جاتا ہے۔ زیادہ تر مرد حضرات گنج پن کا شکار ہوتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بالوں کے گرنے یا یکدم سفید ہونے کی بڑی وجہ وٹامنز اور معدنیات کی کمی ہے۔ اس ضمن میں ماہرین نے بعض اقسام کے وٹامنز پر غور کیا ہے۔ میساچیوسیٹس جنرل ہسپتال سے وابستہ ڈاکٹر اوما نائیڈو کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے جسم اور چہرے کی طرح بالوں پر بھی دھیان رکھنا چاہئیے۔

ڈاکٹر اوما کے مطابق وٹامن بی اور بی 12 کی کمی بالوں کے گرنے کو بڑھا سکتی ہے۔ یہ وٹامن کھوپڑی میں خون کے بہاؤ کو بڑھاتا ہے اور خون کے سرخ خلیات کی پیداوار کا ذمے دار بھی ہے۔ دوسری جانب فولاد خون کی روانی کو بڑھاتا ہے اور جلد کی حفاظت بھی کرتا ہے۔ وٹامن ڈی کی کمی سے بھی بال گرنا شروع ہو جاتے ہیں۔ وٹامن ڈی نہ صرف ہڈیوں اور جلد کیلئے انتہائی مفید ہے بلکہ کئی امراض کو بھی روکتا ہے۔