خلاء میں کافی پینے کیلئے کیپلری ایکشن کا مظاہرہ

image

خلاء میں کشش ثقل صفر ہونے کے باعث خلا بازوں کو مشروبات نوش کرنے میں مشکلات کا سامنا، کشش ثقل میں کمی مائع کو بلبلوں کی شکل میں تیرنے کا سبب بنتی ہے، ناسا نے ان مشکلات کا اسمارٹ حل تلاش کرلیا ہے۔

واشنگٹن: (ٹیکنالوجی ڈیسک) خلائی تحقیق کے ادارے ناسا نے خلاء میں مشروبات نوش کرنے میں درپیش مشکلات کا حل تلاش کر لیا ہے۔ اس سے قبل خلاء بازوں کو مشروبات کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ خلاء میں صفر کشش ثقل ہونے کی وجہ سے کافی تو درکنار پانی پی لینا بھی غنیمت شمار کیا جاتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خلاباز نکول مان نے خلاء میں کیپلری ایکشن کا مظاہرہ کرنے کی ویڈیو بھیجی ہے۔ جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کیپوچینو کافی پینے کیلئے ایک خاص قسم کا کپ استعمال کرتی نظر آ رہی ہیں۔ جس میں مائع سطحی تناؤ اور گیلے پن کی وجہ سے کپ سے چپکا رہتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ خلاء میں رہتے ہوئے خلاء بازوں کو کئی قسم کے مشروبات پینے کی اجازت دیتا ہے۔ قبل ازیں صفر کشش ثقل کی وجہ سے مائع بہت مختلف انداز میں برتاؤ کرتے ہیں۔ کشش ثقل میں کمی مائع کو بلبلوں کی شکل میں تیرنے کا سبب بنتی ہے۔ جس سے ان کو پینا تو دور، ان کو سنبھالنا مشکل ہو جاتا ہے۔