ذیابیطس کے مریضوں کیلئے روزہ رکھنا اب ممکن

image

 

ڈاکٹروں نے افطار سے سحری تک شوگر کے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی ہدایت، شوگر چیک کرنے اور انسولین لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا، شوگر کے اکثر مریضوں کو اس بات کا علم ہی نہیں ہوتا کہ وہ رمضان المبارک کے روزے محفوظ طریقے سے رکھ سکتے ہیں۔

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ڈاکٹروں نے ذیابیطس کے مریضوں کیلئے روزہ رکھنا ممکن قرار دے دیا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کے مریض اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے بغیر کسی دشواری کے رمضان کے پورے روزے رکھ سکتے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق شوگر چیک کرنے اور انسولین لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا۔ ڈاکٹروں نے مریضوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سحر و افطار میں انسولین استعمال کر سکتے ہیں۔ 

طبی ماہرین نے شوگر اور دل کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو روزہ رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ مریض اپنی ادویات اور انسولین کی ڈوز میں تبدیلی کر کے پورے روزے رکھ سکتے ہیں۔ ڈاکٹروں نے شوگر اور دل کے مریضوں کو سحر و افطار میں سادہ اور صحت بخش غذا استعمال کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹروں نے شوگر اور دل کے مریضوں کو سحر و افطار کے وقت ہلکی پھلکی ورزش کرنے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

ماہر امراض ذیابیطس ڈاکٹر عبدالباسط نے ذیابیطس اور دل کے مریضوں کو سحر و افطار میں بسیارخوری، تلی ہوئی اشیاء اور میٹھے مشروبات سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس کے علاوہ روزہ داروں کو افطار سے سحری کے دوران زیادہ سے زیادہ پانی پینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق اکثر مریضوں کو اس بات کا علم ہی نہیں ہوتا کہ وہ کس طرح محفوظ طریقے سے رمضان کے روزے رکھ سکتے ہیں۔