خیبرپختونخوا میں ڈینگی اور ملیریا سر اٹھانے لگے

image

مچھروں کا سیزن دوبارہ شروع ہو گیا، تمام اضلاع کی انتظامیہ کو اپریل میں بھرپور اقدامات کی ہدایت، ڈینگی اور لش مینا کی روک تھام کیلئے ایکشن پلان مرتب کر دیا گیا ہے۔

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں کورونا وائرس میں کمی کے بعد ڈینگی اور ملیریا سر اٹھانے لگا ہے۔ مچھروں کا سیزن دوبارہ شروع ہو گیا ہے۔ ڈینگی اور ملیریا کے ساتھ آئندہ ماہ لش مینا کے پھیلنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

محکمہ صحت کی جانب سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو اپریل میں بھرپور اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ رواں سال کو ڈینگی اور لش مینا کیلئے انتہائی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ ڈی جی ہیلتھ سروسز کی جانب سے صوبے کے 18 اضلاع میں لش مینا، ڈینگی اور ملیریا مچھروں کی وجہ سے کیس رپورٹ ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

دوسری طرف پشاور کے شہری اور مضافاتی علاقوں میں مچھروں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کیلئے آئندہ ہفتہ سے مہم شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ڈینگی اور لش مینا کی روک تھام کیلئے ایکشن پلان مرتب کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی پشاور اور اس کے مضافات میں بروقت سپرے نہ کرنے اور دوسرے اقدامات نہ اٹھانے کے باعث ڈینگی کی افزائش ہوئی تھی جس کے نتیجے میں پشاور کے سینکڑوں افراد متاثر ہو گئے تھے۔