پاکستان سمیت کئی ممالک میں انسٹاگرام سروس کچھ دیر ڈاؤن رہنے کے بعد بحال ہوگئی

image

اتوار اور پیر کی درمیانی شب انسٹاگرام سروس ڈاؤن ہوئی، تکنیکی مسائل کی وجہ سے کچھ لوگوں کو انسٹاگرام تک رسائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا،" دنیا بھر میں ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد صارفین کو سوشل میڈیا ایپلی کیشن تک رسائی حاصل نہ ہوسکی۔

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق اتوار اور پیر کی درمیانی شب انسٹاگرام سروس ڈاؤن ہوگئی تھی جس کی وجہ سے ہزاروں صارفین ایپلی کیشن تک رسائی حاصل نہیں کرسکے تھے۔ میٹا کے ترجمان نے رائٹرز کو بتایا کہ تکنیکی مسائل کی وجہ سے کچھ لوگوں کو انسٹاگرام تک رسائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ دیر کیلئے سروس ڈاؤن ہونے کے بعد اب انسٹاگرام بحال ہوگیا ہے۔

میٹا نے انسٹاگرام تک رسائی نہ ہونے والے صارفین کی تعداد ظاہر نہیں کی البتہ سوشل میڈیا ایپلی کیشنز کی بندش پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈی ٹیکٹر کے مطابق امریکا میں ایک لاکھ صارفین، کینیڈا میں 4 ہزار اور برطانیہ میں 56 ہزار صارفین انسٹاگرام تک رسائی حاصل کرنے سے محروم رہے۔ یعنی دنیا بھر سے ایک لاکھ 80 ہزار سے زائد صارفین کو سوشل میڈیا ایپلی کیشن تک رسائی حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ڈاؤن ڈی ٹیکٹر کے مطابق اتوار کو تقریباً 5 بجکر 45 منٹ پر کچھ صارفین کی جانب سے انسٹاگرام ڈاؤن ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں اور رات 8 بجکر 30 منٹ تک صارفین کی تعداد 8 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔

دوسری جانب یورپی یونین کے صارفین کا ڈیٹا امریکا منتقل کرنے پر فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی ملکیت رکھنے والی کمپنی میٹا کے خلاف ریکارڈ ایک ارب 20 کروڑ یورو جرمانے کی سزا سنا دی گئی ہے۔ 2020ء میں یورپی یونین کی اعلیٰ عدالت نے ٹیکنالوجی کمپنیوں کو حکم دیا تھا کہ وہ یورپی صارفین کا ڈیٹا امریکی سرورز میں محفوظ نہ کرے۔ عدالت کے مطابق امریکی سرورز میں یورپی صارفین کے ڈیٹا کے محفوظ ہونے کے حوالے سے خدشات لاحق ہیں۔ اس حکم کے بعد آئرلینڈ کی انتظامیہ کی جانب سے فیس بک کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ صارفین کے ڈیٹا کو کسی بھی طریقے سے امریکا منتقل نہ کریں۔