پاکستانی شہری اسرائیلی ہیکرز کے نشانے پر

image

مشکوک کمپنیوں کے ساتھ ذاتی معلومات کا تبادلہ نہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے، ہیکرز کے ٹارگٹ سے بچاؤ کیلئے سائبر سیکیورٹی گائیڈ لائنز بھی شامل ہیں۔

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق اسرائیلی ہیکرز پاکستانی شہریوں کی ذاتی معلومات چرانے کیلئے سرگرم ہوگئے، شہریوں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے ٹارگٹ کیا جانے لگا۔

ہدایات جاری کرتے ہوئے اس حوالے سے وفاقی حکومت نے تمام صوبائی حکومتوں، وزارتوں اور ڈویژنز کو مراسلہ بھجوا دیا، جس میں کہا ہے کہ اسرائیلی کمپنی شہریوں کی ذاتی معلومات چرانے کیلئے سرگرم ہے۔ مراسلے میں ہیکرز کے ٹارگٹ سے بچاؤ کیلئے سائبر سیکیورٹی گائیڈ لائنز بھی شامل ہیں، مراسلے میں سفارش کی گئی ہے کہ نجی کمیونیکیشن کیلئے آفیشل ای میل کا استعمال نہ کریں اور کبھی بھی موبائل فونز پر آفیشل ای میل کا استعمال نہ کیا جائے۔

مراسلے میں مشکوک کمپنیوں کے ساتھ ذاتی معلومات کا تبادلہ نہ کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور کہا ہے کہ کسی بھی نامعلوم شخص کے ساتھ ذاتی ای میل آئی ڈی شیئر نہ کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے غیرمجاز ویب سائٹس کے ساتھ ذاتی معلومات، دستاویزات شیئر نہ کرنے کی سفارش کرتے ہوئے ہیکنگ سے بچنے کے لئے نامعلوم لنک پر کلک نہ کرنے کی تجویز دے دی۔ مراسلے میں کہا گیا کہ نامعلوم اور مشکوک ایپلی کیشنز کو انسٹال نہ کیا جائے گا اور پبلک وائی فائی کے استعمال سے گریز کیا جائے۔