سیب کھانا بڑھتی عمر کی کونسی پریشانی کو دور کرتا ہے؟ جانیئے

image

عمر بڑھنے کے ساتھ جسم لاغر ہونا شروع ہو جاتا ہے، 17000 افراد پر کیے جانے والے ٹیسٹوں سے معلوم ہوا کہ سیاہ توت اور سیب بڑھاپے میں بڑے فائدہ مند پھل ہیں، ان میں موجود ایک جزو بڑھاپے میں نحیف ہونے کے امکانات کو کم کر دیتا ہے۔

 میساچوسیٹس: (ویب ڈیسک)  ہارورڈ یونیورسٹی نے 12 سالہ تحقیقات کے بعد سیب اور سیاہ توت کو بڑی عمر کے افراد کے لئے انتہائی فائدہ مند پھل قرار دے دیا، محققین نے 12 سال کے عرصے میں تقریباً 17000 افراد کے ٹیسٹ کیے، اس تحویل تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ سیب اور بلیک بیری میں موجود کوئرسیٹن نامی فلیونول بڑھاپے میں جسم کی طاقت کے ماند پڑنے کے امکانات کو کم کرتے ہیں۔

تحقیق سے معلوم ہوا کہ ایک سیب میں کوئرسیٹن فلیونول 10 ملی گرام کی مقدار پائی جاتی ہے، اس فلیونول کی روزانہ کھپت بڑھاپے میں بھی انسانی جسم کو طاقت بخشتی ہے اور جسم کو لاغر اور کمزور ہونے بچاتی ہے، ہارورڈ یونیورسٹی کی اس تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر شیوانی ساہنی نے بتایا ہے کہ کوئرسیٹن  کی زیادہ مقدار بڑھاپے میں جسم کی کمزوری سے بچانے کے ساتھ دیکھا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق غذائی لائحہ عمل میں کوئرسیٹِن سے بھرپور غذاؤں کا استعمال  انسانی صحت کے لئے فائدہ ہے، فلیونائیڈ قدرتی کیمیا کا ایک ایسا گروپ ہے جو اپنے اینٹی آکسیڈنٹ اثرات کے سبب جانا جاتا ہے، ماضی میں کی جانے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ یہ کیمیا لوگوں میں بلند فشار خون، دل کے دورے، فالج اور ذیابیطس کے امکانات میں کمی کے لیے بھی مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں۔ فلیونول فلیونائیڈ کا ایک چھوٹا ذیلی گروہ ہوتا ہے جبکہ کوئرسیٹِن ایک مخصوص قسم کا فلیونول ہے جو سیب، بیری، پیاز، اور چائے میں موجود ہوتا ہے۔