گوگل اکاؤنٹ میں بغیر پاسورڈ کے لاگ ان ہونا ممکن

image

کمپنی نے نیا لاگ اِن نظام متعارف کرا دیا، پاسورڈ نظام کو بائیو میٹرک یا ایک رجسٹرڈ اسمارٹ فون یا ایک سیکیورٹی کِی سے تبدیل کیا جا سکے گا، نئی سیکیورٹی کیز دو جہتی ویریفیکیشن کی ضرورت کو بھی ختم کر دیں گی۔

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) ٹیک کمپنی گوگل نے نیا لاگ ان نظام متعارف کرا دیا ہے۔ یہ ایک ایسا نظام ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے صارفین کو پاسورڈ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ گوگل صارفین اپنی جی میل آئی ڈی یا دیگر گوگل سسٹم کو پاسورڈ استعمال کیے بغیر لاگ اِن کر سکیں گے۔

پاسورڈ نظام کو یا تو بائیو میٹرک شناخت کے نظام سے یا ایک رجسٹرڈ اسمارٹ فون یا ایک سیکیورٹی کِی سے تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس معاملے میں گوگل کی کیز (ایف آئی ڈی او) فاسٹ آئیڈینٹیٹی آن لائن کی تعمیل کرے گی۔ یہ کیز ایپل اور مائیکروسافٹ کی شراکت کا ایک حصہ ہے۔ لہٰذا یہ ان کے درمیان تمام مشترک آپریٹنگ سسٹمز کے ساتھ ہم آہنگ بھی ہوگا۔

گوگل سیکیورٹی کی بنانے کیلئے سب سے پہلے اپنے اکاؤنٹ کو لاگ اِن کرنا ہوگا۔ اس کے بعد "مینج یور اکاؤنٹ" پر جا کر سیکیورٹی کا انتخاب کرنے کے بعد "کریئٹ اے پاس کی" پر کلک کرنا ہوگا۔ گوگل اکاؤنٹ سیکیورٹی کو آپ اپنی ڈیوائس، چاہے وہ اسمارٹ فون ہو یا کمپیوٹر، بائیو میٹرک تصدیق کے طریقے کار سے جوڑ سکتے ہیں۔ عموماً یہ طریقہ انگلیوں کے نشان یا چہرے کی شناخت پر مبنی ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ گوگل کا پاسورڈ اور دو جہتی تصدیقی نظام  نافذ العمل رہے گا۔ تاہم نئی سیکیورٹی کیز دو جہتی ویریفیکیشن کی ضرورت کو ختم کر دیں گی۔ دوسری جانب یہ نظام ان لوگوں کیلئے موجود رہے گا جو سیکیورٹی کی مد میں ایک اضافی تہہ رکھنا چاہتے ہوں۔