سونے سے قبل سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرنا نیند میں تاخیر کا باعث بنتا ہے: تحقیق

image

تحقیق میں51 ہزار افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، سونے سے قبل متعدد بار پوسٹ شیئر کرنے والے افراد کو ایک بار پوسٹ کرنے والوں کی نسبت تاخیر سے نیند آتی ہے، پوسٹ پر لائیک اور کمنٹس کا خیال ایڈرینالائن نامی ہارمون کی مقدار میں اضافہ کرتا ہے۔ 

کولمبیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) ایک جدید تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سونے سے قبل سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرنے سے نیند تاخیر سے آتی ہے۔ ڈیوک یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق میں 51 ہزار افراد کو شامل کیا گیا۔ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ وہ افراد جنہوں نے سونے سے قبل متعدد بار پوسٹس شیئر کیں، ان کو ایک بار پوسٹ کرنے والوں کی نسبت نیند آنے میں زیادہ تاخیر ہو سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق پوسٹ پر لائیک اور کمنٹس کا خیال ایڈرینالائن نامی ہارمون کی مقدار میں اضافہ کرتا ہے۔ یہ ہارمونز نیند کے آنے میں رکاوٹ کا باعث بنتے ہیں۔ اسکے علاوہ فون سے نکلنے والی نیلی روشنی بھی ہماری نیند کو خراب کرنے کا سبب بنتی ہے۔

تحقیق کے سربراہ ڈاکٹر ولیم میئرسن کے مطابق نیند کے اڑ جانے کے، اسکرین لائٹ کے سرکاڈین رِدم میں خلل سے لے کر پوسٹ پر آئے کمنٹس اور لائیک سمیت کئی اسباب ہو سکتے ہیں۔ تحقیق میں محققین نے 51 ہزار ایسے افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جو ریڈ اِٹ استعمال کرتے تھے۔ ریڈ اِٹ کی تخلیق سے یعنی 2005ء سے 2021ء کے درمیان صارفین کی جانب سے کی جانے والی 23 کروڑ 60 لاکھ پوسٹس کا مطالعہ کیا گیا۔