میٹا کی نئی 'بارسلونا' ایپ کا لوگو منظر عام پر آ گیا

image

میٹا کمپنی کی نئی ٹوئٹر متبادل ایپ، ایپ کی رنگت بھی عین ٹویٹر جیسی رکھی گئی ہے، قابلِ اعتماد صورتحال کی بنا پر یہ ایپ ٹویٹر کو مات دے سکے گی۔

لاس اینجلس: (ٹیکنالوجی ڈیسک) ٹوئٹر کی غیر مقبولیت کے بعد میٹا کمپنی کی جانب سے ایک نئی ایپ کی خبر بار بار سامنے آ رہی ہے۔ ایپ پر لکھنے والے ایک ماہر نے اب ایپ کا لوگو بھی افشا کر دیا ہے۔ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اس ایپ کی رنگت بھی ٹوئٹر سے مشابہت رکھتی ہے۔

الیساندرو پالوزی کا کہنا ہے کہ فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی خالق کمپنی میٹا اپنی ایک نئی"بارسلونا" ایپ متعارف کروانے جا رہی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹویٹر کے انتظامات سنبھالنے کے بعد اس میں تبدیلیوں سے صارفین ناراض ہوئے ہیں۔ میٹا نے اسی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ایپ پر تیزی سے کام شروع کر دیا ہے۔

انٹرنیٹ کے تجزیہ کاروں کے مطابق شاید میٹا اپنی مضبوط اور قابلِ اعتماد صورتحال کی بنا پر ٹویٹر کو مات دے سکے گی۔ توقع کی جا رہی ہے کہ فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کے رجسٹرڈ صارفین اس جانب متوجہ ہوں گے۔ مارچ کے مہینے میں میٹا نے اپنی اسی ایپ پر لب کشائی کی تھی تاکہ وہ مارکیٹ اور صارفین دونوں کو اپنی جانب راغب کر سکیں۔