گوگل نے اینڈرائیڈ فونز میں نئے حیرت انگیز فیچرز متعارف کرا دیے

image

 گوگل کی سمارٹ واچ ویئر او ایس میں سپوٹیفائی ایپ کا اضافہ، ریڈنگ پریکٹس گوگل پلے بکس اور آڈیو بکس ایپ کیلئے ایک نیا تجربہ ہے، گوگل نے اینڈرائیڈ پر مبنی فونز اور ٹیبلٹس کیلئے 3 نئے ویجیٹس گوگل ٹی وی، فنانس اور نیوز  بھی جاری کر دیے ہیں۔

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ فونز میں حیرت انگیز تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں ہفتے گوگل نے موبائل پلیٹ فارم کیلئے کچھ نئی خصوصیات کا اعلان کیا ہے۔ گوگل کی سمارٹ واچ ویئر او ایس کیلئے گوگل کی جانب سے سپوٹیفائی ایپ کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس فیچر سے سمارٹ واچ صارفین اب اپنی کلائی سے میوزک کو سن اور کنٹرول کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ سمارٹ واچ ویئر او ایس میں گوگل نوٹس کے فیچر کا بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

ان نئے فیچرز کی بدولت سمارٹ واچ صارفین اب سمارٹ واچ میں فوری طور پر اہم نوٹس لکھ سکیں گے۔ صارفین اپنے لکھے گئے نوٹس تک تیزی سے رسائی بھی حاصل کر پائیں گے۔ ریڈنگ پریکٹس گوگل پلے بکس اور آڈیو بکس ایپ کیلئے ایک  نیا تجربہ ہے جو کہ نئے صارفین کو اپنے اینڈرائیڈ فونز اور ٹیبلیٹس کا استعمال کرتے ہوئے الفاظ اور فہم کی مہارتوں کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے۔

گوگل نے اینڈرائیڈ فونز اور ٹیبلٹس کیلئے 3 نئے ویجیٹس  گوگل ٹی وی، فنانس اور نیوز  بھی جاری کیے ہیں۔ اب صارفین مزید مددگار شارٹ کٹس کے ساتھ اپنے فون یا ٹیبلیٹ کی ہوم اسکرین کو حسب ضرورت کسٹمائز کر سکیں گے۔ گوگل ٹی وی کے ذریعے صارفین فوری طور پر ذاتی نوعیت کی فلم اور ٹی وی شو کی تجاویز تلاش کر پائیں گے جبکہ گوگل نیوز کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر اپڈیٹ کی جانے والی سرخیوں سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔