مصنوعی ذہانت نے ہزاروں افراد کا روزگار چھین لیا

image

چیلنجر، گرے اینڈ کرسمس کی ماہانہ رپورٹ میں حیرت انگیز انکشافات، ایک ہی مہینے میں 4 لاکھ افراد نوکریوں سے فارغ، 2020ء میں عالمی وباء کورونا کی وجہ سے 14 لاکھ لوگ نوکریوں سے محروم ہوئے تھے۔

واشنگٹن: (ٹیکنالوجی ڈیسک) چیلنجر، گرے اینڈ کرسمس کی ماہانہ رپورٹ میں حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی وجہ سے ایک ہی مہینے کے اندر ہزاروں افراد نوکریوں سے فارغ ہو گئے ہیں۔ جنوری اور مئی کے درمیان تقریباً  4 لاکھ 17 ہزار افراد کی ملازمتیں ختم کی گئی ہیں۔

امریکی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ انھوں نے مصنوعی ذہانت آنے کی وجہ سے 3900 ملازمین کو فارغ کیا ہے۔ یہ امریکہ میں نوکریاں گنوانے والے افراد کا 4.9 فیصد بنتا ہے۔ واضح رہے کہ 2020ء میں عالمی وباء کورونا کی وجہ سے 14 لاکھ لوگ نوکریوں سے محروم ہوئے تھے۔  

2023ء کے آغاز نے 2009ء میں ہونے والی 8 لاکھ 20 ہزار برطرفیوں کے بعد ایک بڑا بحران پیدا کیا ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مئی میں ملازمین کی برطرفی کی سب سے بڑی وجہ کاروباروں کا بند ہونا ہے۔ اس کے نتیجے میں 19 ہزار 600 لوگ ملازمتوں سے محروم ہوئے ہیں۔