سرکاری اسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال

image

اسپتالوں میں او پی ڈیز کی بندش پر ینگ ڈاکٹرز میں اختلافات، حکومت نے سیکیورٹی سے متعلق تمام مطالبات تسلیم کر لئے ہیں، ایڈہاک ڈاکٹروں کے ریگولر ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔

لاہور: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز نے اپنے ذاتی مفاد کی خاطر او پی ڈیز کو چھوڑ کر احتجاج جاری رکھا ہوا ہے۔ لاہور کے اسپتالوں میں احتجاج تا حال جاری ہے۔ ینگ ڈاکٹرزکا کہنا ہے کہ ہیلتھ پرفارمنس الاؤنس اور ایڈہاک ڈاکٹرز کے ریگولر ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔

ذرائع کے مطابق اسپتالوں میں او پی ڈیز کی بندش کے حوالے سے ینگ ڈاکٹرز میں اختلافات بھی سامنے آئے ہیں۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ینگ ڈاکٹرز نے او پی ڈی کی ہڑتال ختم کر دی ہے۔ پی آئی سی میں دل کے مریضوں کیلئے آوٹ ڈور میں علاج شروع ہو چکا ہے۔

پی آئی سی ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ چند ڈاکٹروں نے ذاتی مطالبات کی خاطر احتجاج جاری رکھا ہوا ہے۔ حکومت نے سیکیورٹی سے متعلق تمام مطالبات تسلیم کر لئے ہیں۔ اسپتالوں میں آوٹ ڈور وارڈز کی مزید بندش کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ دوسری جانب وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ نگران حکومت جو مطالبات تسلیم کر سکتی تھی وہ کر چکی ہے۔ ینگ ڈاکٹرز فوری طور پر ہڑتال ختم کریں۔