پنجاب کی جیلوں میں سہولیات بڑھانے اور مختلف ٹیکنیکل کورسز کرانے کا فیصلہ

image

 نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرِ صدارت جیل ریفارمز سے متعلق اجلاس منعقد، اجلاس میں مخیر حضرات کے تعاون سے جیلوں میں بیکری قائم کرنے کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

لاھور: (نیوز ڈیسک) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کیلئے بیکری کی سہولت فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا۔ قیدیوں کے جیلوں میں بیکری قائم کرنے کی رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت جیل ریفارمز سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خزانہ، آئی جی جیل خانہ جات، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں قیدیوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کیلئے ویڈیو کال کی سہولت فراہم کرنے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا جس کے تحت لاہور کی جیل میں 7 دن کے اندر ویڈیو کال کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کر دیا جائے گا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب نے  قیدیوں کے  جیلوں میں ویڈیو لنک ٹرائل کے جائزے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق قیدیوں کے لیے ٹیلی فون کالز کا دورانیہ 300 منٹ ماہانہ بڑھا دیا گیا ہے جبکہ 16جیلوں میں ماڈرن کچن، واش رومز، ملاقاتی کمرے اور لانڈریاں بنائی جائیں گی۔ٹیوٹا اور محکمۂ جیل خانہ جات کے درمیان 10 مزید جیلوں میں قیدیوں کو ٹیکنیکل کورسز کرانے کا معاہدہ بھی طے پا گیا، چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا احمد خاور اور آئی جی جیل فاروق نذیر نے معاہدے پر دستخط کیے۔

دوسری جانب لاہور، قصور، شیخو پورہ، پاکپتن، اوکاڑہ، جھنگ، سرگودھا، وہاڑی، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لیہ کی جیلوں میں ٹیوٹا کورسز شروع ہوں گے، قیدی الیکٹریشن، ویلڈر، پلمبر، موٹر سائیکل مکینک، فیشن ڈیزائننگ اور کمپیوٹر ایپلیکشن سمیت دیگر کورسز کر سکیں گے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر ٹیوٹا نے بریفنگ میں بتایا کہ ہر ٹیوٹا کورس میں 25 قیدی حصہ لے سکیں گے۔