تاریخ میں پہلی بار بجلی بند ہونے سے ناسا کا بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے رابطہ منقطع
کنٹرول سسٹم نے 90 منٹ کے اندر معاملہ سنبھال لیا، رابطہ بند ہونے سے خلابازوں اور اسٹیشن کو کوئی خطرہ نہیں تھا، بجلی بند ہونے کے بعد عملے کو 20 منٹ کے اندر روسی کمیونیکیشن سسٹم کے ذریعے مسئلہ کے متعلق آگاہ کر دیا گیا تھا۔
ہیوسٹن: (ٹیکنالوجی ڈیسک) تاریخ میں پہلی مرتبہ بجلی کی بندش کے باعث ناسا کا خلائی مرکز بھی متاثر ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مشن کنٹرول اور بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے درمیان مختصر وقت کیلئے رابطہ منقطع ہو گیا۔ بجلی بند ہونے سے پورے خلائی مرکز میں کھلبلی مچ گئی۔
بین الاقوامی میڈیا ذرائع کے مطابق ہیوسٹن کے جانسن اسپیس سینٹر کی عمارت میں اپ گریڈیشن کا کام جاری تھا۔ اسی دوران اچانک سینٹر کی بجلی بند ہو گئی۔ بجلی بند ہونے سے مشن کنٹرول اسپیس اسٹیشن کو کمانڈ نہ بھیج سکا اور مدار میں موجود 7 خلا بازوں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
خلائی اسٹیشن کے پروگرام مینیجر جوئل مونٹیلبانو کے مطابق رابطہ بند ہونے سے خلانوردوں اور اسٹیشن کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔ بجلی بند ہونے کے بعد 90 منٹ کے اندر بیک اپ کنٹرول سسٹم نے معاملہ سنبھال لیا۔ خلائی اسٹیشن کے عملے کو 20 منٹ کے اندر روسی کمیونیکیشن سسٹم کے ذریعے مسئلے کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا تھا۔