پاکستان میں تیار کردہ ڈیجیٹل ایپس دنیا بھر میں 4 ارب بار ڈاؤن لوڈ

image

شہر لاہور میں پہلی اور سب سے بڑی آف لائن ایپ اور گیمز سے متعلق ایونٹ کا انعقاد، عالمی ایپ اکانومی کے مستقبل کیلئے پاکستان میں صلاحیت موجود ہے، گوگل تھنک ایپس کے ذریعے پاکستان میں ایپس انڈسٹری کیلئے اپنی حمایت کو بڑھا رہا ہے۔

اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے مطابق رواں سال پاکستان میں تیار کردہ ڈیجیٹل ایپس کو دنیا بھر میں 4 ارب بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرنے کے لحاظ سے پاکستان 2023ء میں 16ویں نمبر پر آگیا ہے۔ اس سے قبل 2018ء میں پاکستان 27ویں نمبر پر تھا۔ 

2018ء سے 2020ء تک پاکستانی ایپس کو ڈاؤن لوڈ کرنے کی تعداد میں ہر سال 30 فیصد اضافہ ہوا۔ ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے مطابق 2022ء میں 24 پاکستانی ڈیولپرز کی 65 گیمنگ ایپس، پلے اسٹور اور ایپ اسٹور کی ٹاپ 10 کی فہرست تک پہنچ گئی ہیں۔ حال ہی میں پاکستان کے شہر لاہور میں پہلی اور سب سے بڑی آف لائن ایپ اور گیمز سے متعلق ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں 500 سے زائد ڈویلپرز اور انڈسٹری لیڈرز نے شرکت کی تاکہ پاکستانی ایپس اور گیمز کو عالمی سطح پر بڑھانے کے بارے میں معلومات حاصل کی جاسکیں۔