خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس تیزی سے پھیلنے لگا 5 اضلاع ہائی رسک قرار

image

 خیبر پختونخوا میں ڈینگی ایک بار پھر بے قابو، متعدد کیسز سامنے آنے کے بعد حکام نے 5 اضلاع کو ہائی رسک قرار دے دیا۔

پشاور: (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس کے متعدد کیسز سامنے آ گئے، صوبے کے 5 اضلاع پشاور، مردان، صوابی، چارسدہ اور بٹگرام میں ڈینگی کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے بعد پانچوں اضلاع میں ہائی رسک قرار دیا گیا ہے، خیبر پختونخوا میں متاثرہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 165 ہو چکی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں ڈینگی کیسز 38، مردان 32، صوابی 19،چارسدہ 14 اور بٹگرام میں 12 ڈینگی کے کیسز سامنے آئے ہیں،  صوبے میں اب تک 20 اضلاع سے ڈینگی کے کیسز رپورٹ کیے جا چکے ہیں۔

بعض اضلاع بنوں، ہنگو، تورغر، لکی مروت،خیبر  اور  ہری پور سے کچھ کیسز کا اندراج ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں ڈینگی وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ڈینگی وائرس سے متاثرہ اضلاع میں نگران مشیر صحت نے ڈینگی کی روک تھام کے لیے اقدامات سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔ یاد رہے گزشتہ سال بھی صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ سینکڑوں افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔