خبردار: درج زیل پانچ چیزیں دودھ کے ساتھ نہ کھائیں

image

ہم مختلف غذاؤں کو دودھ کے ساتھ ملا کر مشروب کا مزہ لیتے ہیں، لیکن ہر کھانے کو ٹھیک طریقے سے دوسرے کے ساتھ ملانا چاہیے کیونکہ اگر ایسا نہ ہو تو  پیٹ میں درد، گیس، قبض، یا معدہ کی تکلیف کا باعث بن سکتے ہیں، اور یہ ہی دودھ کے ساتھ بھی ہوتا ہے۔

جھنگ: (ویب ڈیسک) کیا آپ جانتے ہیں کہ دودھ کے ساتھ ملا کر کچھ اشیا کھانے پینے سے آپ بیمار ہو سکتے ہیں؟ جی ہاں! یوں تو دودھ کی بہت افادیت ہے کیونکہ یہ وٹامن اور معدنیات کا ایک بہت اچھا ذریعہ ہے، یہ جسم کو معیاری پروٹین فراہم کرتا ہے۔ دودھ پینے سے ہڈیوں کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے، یہ ہڈیوں کی بعض بیماریوں جیسے آسٹیوپوروسس کو بھی روکتا ہے۔ لیکن درج زیل چیزیں دودھ کے ساتھ استعمال نہ کریں۔

1: دودھ اور کیلے،

کیلے اور دودھ کو ایک ساتھ کھانے سے ہمارے جسم کے میٹابولزم پر اثر پڑسکتا ہے، یہ جسم میں زہریلے مادوں کو خارج کر سکتا ہے اور عمل انہضام کو کم کر سکتا ہے۔  دودھ یا دہی کے ساتھ کیلے کا استعمال نہیں کرنا چاہیے، اسے کھانے سے  نزلہ، کھانسی یا الرجی بھی ہو سکتی ہے۔ اگر آپ کو کیلے کا ملک شیک پینا پسند ہے تو بہتر ہاضمے  کے لیے اس میں ایک چٹکی جائفل پاؤڈر ڈال لیں۔ 

2: دودھ کے ساتھ ہائی شوگر والے سیریلز لینے سے پرہیز کریں، ناشتے میں بہت لوگ سیریل کھانا پسند کرتے ہیں، جنہیں دودھ کے ساتھ لیا جاتا ہے، کوشش کریں وہ سیریلز کم کیلوریز اور کم چینی والے ہوں، ورنہ اس سے معدے کے مسائل میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ 3: کھٹے پھلوں کے ساتھ یا بعد میں دودھ نہیں پینا چاہیے، لیموں، اسٹرابیریز، آڑو، اناناس سمیت اس قسم کے پھلوں کے بعد دودھ پینے سے پرہیز کریں، دودھ کو عام طور پر ہضم ہونے میں زیادہ وقت لگتا ہے، اور جب کھٹی یا تیزابیت والی اشیا کے ساتھ ملایا جائے تو سینے میں جلن یا جسم میں گیس بننے کا باعث بن سکتا ہے۔

4: دودھ اور مچھلی، دودھ اور مچھلی دو متضاد غذائیں ہیں، دودھ کی تاثیر ٹھنڈی جب کہ مچھلی جسم کو گرمائش فراہم کرتی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ یہ مرکب مطابقت نہیں رکھتا کیونکہ دونوں غذائیں ہمارے جسم پر بالکل مخالف اثرات مرتب کرتی ہیں۔ مچھلی کھانے کے بعد دودھ پینے سے ہاضمے کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں  جو آپ کے جسم کے کیمیائی رد عمل کو تبدیل کر سکتے ہیں اور آپ کے مدافعتی نظام کو مزید کمزور کر سکتے ہیں۔

5: ادویات دودھ کے ساتھ نہ لیں، رات کو سوتے وقت بہت لوگ اپنی دوائیاں دودھ کے ساتھ کھا لیتے ہیں، لیکن ایسا نہ کریں۔ دوائی پانی کے ساتھ کھائیں اور کچھ وقفے کے بعد دودھ پی لیں، ادویات کے ساتھ دودھ لینے سے دواؤں کا اثر کم ہوسکتا ہے یا یہ مضرِ صحت بھی ہوسکتی ہیں۔ نوٹ: قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔