آرٹیفشل انٹیلیجنس کے ذریعے ٹیکسٹ کو آڈیو میں تبدیل کرنے والا حیرت انگیز پلیٹ فارم

image

صارفین کو تیار کردہ گانے کے دورانیے میں لچک فراہم کرنے کیلئے ماڈل میں بہتری لائی گئی، اسٹیبل آڈیو نامی پلیٹ فارم ٹیکسٹ سے 90 سیکنڈ تک کے گانے تیار کر سکتا ہے، ٹیکسٹ ٹو آڈیو پر مبنی اسٹیبل آڈیو میں ماڈل کو تصاویر کے بجائے آڈیو ڈیٹا کے ساتھ تربیت دی گئی ہے۔

لندن: (ٹیکنالوجی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق اب آرٹیفشل انٹیلیجنس کی مدد سے ٹیکسٹ کو آڈیو میں تبدیل کرنا ممکن ہو گیا ہے۔ لندن میں قائم جنریٹیو مصنوعی ذہانت کمپنی اسٹیبلٹی اے آئی نے اسٹیبل آڈیو نامی ایک نیا اور منفرد ٹیکسٹ ٹو آڈیو پلیٹ فارم متعارف کروا دیا ہے۔ مصنوعی ذہانت سے چلنے والا یہ پلیٹ فارم میوزک اور ساؤنڈ جنریشن میں کمپنی کے پہلے قدم کی نمائندگی کرتا ہے جوکہ 90 سیکنڈ تک کے گانے تیار کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ کمپنی مصنوعی ذہانت کی دنیا میں سب سے نمایاں رہی ہے۔ یہ زیادہ تر مصنوعی ذہانت سے پیدا ہونے والے مناظر کیلئے ہی جانی جاتی تھی۔ ٹیکسٹ ٹو آڈیو پر مبنی اسٹیبل آڈیو میں ماڈل کو تصاویر کے بجائے آڈیو ڈیٹا کے ساتھ تربیت دی گئی ہے۔ اس سے صارفین کسی بھی گانے یا بیک گراؤنڈ آڈیو کو تیار کرسکتے ہیں جس سے یہ مختلف پروجیکٹس کیلئے ایک ورسٹائل ٹول بن سکتا ہے۔

اسٹیبل آڈیو پلیٹ فارم حقیقت میں میوزک پروڈکشن کیلئے ایک قابلِ قدر اقدام ہے۔ اس سے پہلے آڈیو ڈیفیوژن ماڈلز صرف مقررہ مدت کے آڈیو کلپس تیار کرسکتے تھے جس سے ان کی مکمل گانے تیار کرنے کی صلاحیت محدود ہوگئی تھی۔اسٹیبلٹی اے آئی نے صارفین کو تیار کردہ گانے کے دورانیے میں لچک فراہم کرنے کیلئے اس ماڈل میں بہتری لائی ہے۔