صحت مند طرز زندگی ڈپریشن سے بچاؤ میں مددگار

تحقیق کے دوران یو کے بائیو بینک سے تقریبا 2 لاکھ 90 ہزار افراد سے جمع کیے گئے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا، رات میں سات سے 9 گھنٹے کی نیند سب سے زیادہ اہم اثرات کی حامل، کثرت سے سماجی روابط برقرار رکھنے سے ڈپریشن کا خطرہ 18 فیصد کم ہو جاتا ہے۔
بیجنگ: (ویب ڈیسک) ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ صحت مند طرز زندگی سے طویل عرصے تک جسمانی تندرستی کو برقرار رکھا جاسکتا ہے۔ یہ تحقیق مشترکہ طور پر چین کی فوڈان یونیورسٹی اور برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی سمیت متعدد اداروں کے محققین کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے کی ہے۔ ٹیم کی جانب سے صحت مند طرز زندگی کے 7 عوامل کی شناخت کی گئی۔
تحقیق کے دوران یو کے بائیو بینک سے تقریبا 2 لاکھ 90 ہزار افراد سے جمع کیے گئے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ محقیقن نے جو 7 صحت مند طرز زندگی کے عوامل بتائے ان میں اعتدال پسند الکحل کا استعمال، صحت مند خوراک، باقاعدہ جسمانی ورزش، مناسب نیند، تمباکو نوشی سے پرہیز، تھوڑے تھوڑے وقفے سے بیٹھے رہنے کے رویے اور زیادہ سے زیادہ سماجی میل جول شامل ہیں۔ ان 7 عومل سے ڈپریشن کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔
تحقیقی نتائج کے مطابق 7 عوامل میں سے ایک رات میں سات سے 9 گھنٹے کی نیند سب سے زیادہ اہم اثرات کی حامل ہے، جس سے ڈپریشن کا خطرہ 22 فیصد کم ہوتا ہے۔ اس کے بعد سگریٹ نوشی سے پرہیز سے خطرہ 20 فیصد کم ہو جاتا ہے۔ کثرت سے سماجی روابط برقرار رکھنے سے خطرہ 18 فیصد، باقاعدہ جسمانی ورزش سے 14 فیصد، زیادہ بیٹھے رہنے کے رویے میں کمی سے اعتدال پسند سطح تک 13 فیصد، الکحل کے اعتدال پسند استعمال سے 11 فیصد، اور صحت مند غذا سے 6 فیصد تک ڈپریشن کم ہو جاتی ہے۔