واٹس ایپ نے یوٹیوب طرز کا چینل فیچر متعارف کروا دیا

نئے فیچر کی خبر سنتے ہی صارفین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، صارفین اس فیچر کی بدولت اپنی پسند کے لوگوں اور اداروں کے چینلز کو فالو کرکے تازہ معلومات حاصل کر سکیں گے، اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ صارف کی جانب سے فالو کیے گئے چینلز کا کسی دوسرے کو علم بھی نہیں ہوگا۔
کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق میٹا کی مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے یوٹیوب طرز کا چینل فیچر متعارف کروا دیا ہے۔ اس نئے فیچر کی خبر سنتے ہی صارفین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے اس نئے فیچر کا اعلان اپنے واٹس ایپ چینل کے ذریعے کیا۔
ذرائع کے مطابق فی الحال یہ فیچر 150 ممالک کے صارفین کیلئے پیش کر دیا گیا ہے۔ آئندہ ہفتوں میں اس فیچر کو مکمل طور پر بحال کر دیا جائے گا۔ صارفین اس فیچر کے ذریعے اپنی پسند کے لوگوں اور اداروں کے چینلز کو فالو کرکے تازہ معلومات حاصل کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ کہ واٹس ایپ نے رواں سال جون میں مذکورہ فیچر کو صرف کولمبیا اور سنگاپور کے صارفین کیلئے پیش کیا تھا جو بعد میں 7 دیگر ممالک میں بھی بحال کیا گیا۔اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ صارف کی جانب سے فالو کیے گئے چینلز کا کسی دوسرے کو علم نہیں ہوگا اور اسی طرح چینل چلانے والے کو بھی صارف کے فون نمبر یا دیگر معلومات تک رسائی نہیں ہوگی۔آئندہ ہفتوں میں صارفین کے پاس ملک کی بنیاد پر چینلز تلاش کرنے کیلئے ایک ڈائرکٹری دستیاب ہوگی۔