ٹک ٹاک پر بھاری جرمانہ عائد

image

ٹک ٹاک پر بچوں سے متعلقہ ڈیٹا کا تجزیہ، تحقیقات یورپی جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن قوانین کے تحت کی گئیں،  بچوں کے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ایسے اکاؤنٹس سے جوڑے جا سکتے ہیں جن کے متعلق کمپنی نے یہ تصدیق ہی نہیں کی ہوتی کہ یہ ان کے والدین یا سرپرستوں کے اکاؤنٹ ہیں یا نہیں۔

ڈبلن: (ٹیکنالوجی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔ آئرلینڈ کے ڈیٹا پروٹیکشن کمیشن نے ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن پر 36 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کا جرمانہ لگایا ہے۔ یہ جرمانہ2021ء میں ڈی پی سی کی جانب ایپلی کیشن میں بچوں کے ڈیٹا کے حوالے سے شروع ہونے والی تحقیقات کی صورت میں عائد کیا گیا۔ 

تحقیقات میں نگران ادارے نے ٹِک ٹاک کی جانب سے یورپ کے جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن (جی ڈی پی آر) کے قوانین کی پاسداری کو مدنظر رکھا۔ تحقیقات کے دوران ٹک ٹاک کے ڈیفالٹ اکاؤنٹ سیٹنگز، فیملی پیئرنگ سیٹنگز اور ایج ویریفیکیشن (عمر کی تصدیق) کے فیچر کو دیکھا گیا۔ یورپین ڈیٹا پروٹیکشن بورڈ سے مشاورت کے بعد ڈی پی سی کو معلوم ہوا کہ ٹِک ٹاک میں بچوں کے سائن اپ ہونے کے بعد ان اکاؤنٹس تک پبلک کی رسائی بنیادی سیٹنگز کا حصہ ہے جس کا مطلب ہے کہ ڈیفالٹ سیٹنگز (پہلے سے طے شدہ سیٹنگ) کے تحت بچوں کی ویڈیو عام صارفین دیکھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی کمنٹس، ڈیوٹس اور اسٹچ فیچر بھی ڈیفالٹ سیٹنگ میں آن ہوتے ہیں۔

واضح رہے 2020ء میں ٹِک ٹاک کی جانب سے متعارف کرائے جانے والا پیئرنگ فیچر بچوں کے اکاؤنٹ کو کسی بڑے کے اکاؤنٹ کے ساتھ جوڑنے کی سہولت دیتا ہے۔ ایسا کرنے سے بچوں کے اسکرین ٹائم، ڈائریکٹ میسج اور غیر مناسب کونٹینٹ پر نظر رکھی جاسکتی ہے۔ ڈی پی سی کو معلوم ہوا کہ بچوں کے اکاؤنٹ ایسے اکاؤنٹ سے جوڑے جا سکتے ہیں جن کے متعلق کمپنی نے یہ تصدیق ہی نہیں کی ہوتی آیا یہ ان کے والدین یا سرپرستوں کے اکاؤنٹ ہیں یا نہیں۔ اکاؤنٹ کے ایک بار جڑنے کے بعد بچے کی پروفائل کی سیٹنگ بڑے کی جانب سے بدلی جاسکتی ہیں۔