شوگر اور مرگی ادویات کی ایمرجنسی بنیادوں پر رجسٹریشن شروع

انسولین اور ہیپارِن کی دوا کی رجسٹریشن کا عمل، رجسٹریشن بورڈ نے ترجیحی بنیادوں پر 10 سے زائد درخواستوں کا جائزہ لیا، ڈریپ ترجیحی بنیادوں پر رجسٹریشن کے کیسز کی فاسٹ ٹریک پراسس کو یقینی بنا رہا ہے۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ملک میں شوگر اور مرگی کی ادویات سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ادویات کی رجسٹریشن کا عمل ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دیا گیا ہے۔ ترجمان وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایت پر شوگر اور مرگی کی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق انسولین اور ہیپارِن کی دوا کی رجسٹریشن کا عمل ایمرجنسی بنیادوں پر شروع ہو چکا ہے۔ ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا ہے کہ ڈریپ ترجیحی بنیادوں پر رجسٹریشن کے کیسز کی فاسٹ ٹریک پراسس کو یقینی بنا رہا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ کو فاسٹ ٹریک پر رجسٹریشن یقینی بنانے اور ہفتہ وار رپورٹ جاری کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ادویات کی رجسٹریشن سے خاص طور پر شوگر اور مرگی کے مریضوں کیلئے مارکیٹ میں ادویات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ فارما انڈسٹری کی صلاحیت بڑھانے کیلئے مؤثر ترین اقدامات اور جامع حکمت کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔ سی ای او ڈریپ نے بتایا ہے کہ رجسٹریشن بورڈ نے ترجیحی بنیادوں پر 10 سے زائد درخواستوں کا جائزہ لیا ہے اور متعدد درخواستوں کی منظوری دے دی ہے۔