موسم سرما کی سبزی پھول گوبھی کے بےشمار فوائد

image

پھول گوبھی غذائیت اور شفاء سے بھرپور، درمیانی جسامت کی ایک پھول گوبھی میں کینو سے زیادہ وٹامن سی پایا جاتا ہے، پھول گوبھی میں کینسر جیسی جان لیوا بیماری سے بچاؤ کی بھی خداداد صلاحیت موجود ہے۔

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) موسم سرما کی سبزیوں میں شمار ہونے والی پھول گوبھی غذائیت اور شفاء سے بھرپور سبزی ہے۔پھول گوبھی کے ذائقے کی بات کی جائے تو اس کا ذائقہ پھیکا اور تاثیر سرد و خشک ہے۔ یہ سبزی ہمارے جسم میں متعدد بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہے۔ 

پھول گوبھی دل کے مختلف امراض میں بھی بہت زیادہ فائدہ مند ہے۔ پھول گوبھی میں فاسفورس، وٹامن بی اور وٹامن سی پائے جاتے ہیں جو کہ دانتوں کی بیماریوں کیلئے مفید ہیں۔ ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ درمیانی جسامت کی ایک پھول گوبھی میں کینو سے زیادہ وٹامن سی، وافر مقدار میں وٹامن کے، بی ٹا کیروٹین کی شکل میں وٹامن اے اور کئی اقسام کے دوسرے وٹامنز بھی پائے جاتے ہیں۔ اس سبزی میں فائبر، فائٹو کیمیکلز اور اہم غذائی معدنیات بھی موجود ہوتے ہیں۔

پھول گوبھی میں کینسر جیسی جان لیوا بیماری سے بچاؤ کی بھی خداداد صلاحیت پائی جاتی ہے۔ یہ خون صاف کرنے والی بہترین سبزیوں میں شمار کی جاتی ہے، پھول گوبھی بلغم کو روکتی ہے اور مسوڑھوں کیلئے بہت مفید ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ پھول گوبھی کو تیل اور گھی میں پکانے کے بجائے کچی حالت میں، بھاپ پر نرم کرکے یا پانی میں ابال کر کھانا چاہیے کیونکہ ان صورتوں میں اس کے مفید قدرتی غذائی اجزاء محفوظ رہتے ہیں۔ پھول گوبھی کے صحت بخش اثرات سے مستفید ہونے کیلئے ہمیں اس کے ڈنٹھل اور پتوں کو بھی نظر انداز نہیں کرنا چاہیئے۔