ایمازون پر غیر قانونی طریقے سے آن لائن ریٹیل میں ملوث ہونے کا الزام
امریکی فیڈریل ٹریڈ کمیشن کے مقدمے میں امریکہ کی دیگر 17 ریاستیں بھی شامل، معروف کمپنی کو امریکہ میں اعتماد سازی کے نگراں ادارے کی جانب سے عدالت میں طلب کر لیا گیا، ایمازون تعزیراتی اور جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے سے غیر قانونی طور پر اجارہ داریوں میں ملوث ہے۔
نیویارک: (ٹیکنالوجی ڈیسک) مشہور زمانہ ایمازون پر غیر قانونی طریقے سے آن لائن ریٹیل میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ امریکی فیڈریل ٹریڈ کمیشن کے مقدمے میں امریکا کی دیگر 17 ریاستیں بھی شامل ہو گئی ہیں۔ موجودہ صورتحال میں ایمازون کے خلاف یہ کیس بائیڈن انتظامیہ کیلئے ایک اور امتحان ثابت ہونے جارہا ہے۔
بائیڈن انتظامیہ کو پہلے سے ہی بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف عدالتی کارروائیوں کا سامنا ہے۔ ایمازون پر الزام عائد ہے کہ وہ قانونی تقاضوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آن لائن ریٹیل میں ملوث ہے۔ اس الزام کے باعث ایمازون کو عدالت نے طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ ایمازون پر سیلرز کے ذریعے سے اجارہ داری قائم کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔ عالمی سطح پر معروف کمپنی کو امریکہ میں اعتماد سازی کے نگراں ادارے کی جانب سے عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔امریکہ میں فیڈرل ٹریڈ کمیشن کی سربراہ لینا خان نے بتایا کہ ان کی شکایت اس ضمن میں ہے کہ کس طرح ایمازون تعزیراتی اور جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے سے غیر قانونی طور پر اجارہ داریوں میں ملوث ہے۔