باقاعدگی سے اسٹرابیری کھانے والے افراد میں عمر بڑھنے کے ساتھ علمی زوال کی رفتار کم ہو جاتی ہے: تحقیق
اسٹرابیری ڈیمنشیا سے تحفظ فراہم کرنے میں مددگار، اسٹرابیری اور بلیوبیری دونوں میں اینٹی آکسیڈنٹس موجود، اسٹرابیری کا استعمال علمی خرابی کو کم کرنے کے ساتھ آپ کی مجموعی صحت کو بہتر بنا سکتا ہے۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) طبی ماہرین کے مطابق اسٹرابیری مجموعی صحت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اسٹرابیری میں سوڈیم، کولیسٹرول کے مختلف وٹامنز، فائبر اور اینٹی آکسیڈینٹس پائے جاتے ہیں۔ علمی کمی اور اسٹرابیری کے درمیان تعلق کو جاننے کیلئے حال ہی میں ایک تحقیق کی گئی ہے۔
سنسناٹی یونیورسٹی کے محققین کی جانب سے کی گئی اس تحقیق میں 30 ایسے بالغ افراد کا انتخاب کیا گیا جن میں ہلکی علمی خرابی موجود تھی۔ تحقیق میں شامل شرکاء کو 2 گروپس میں تقسیم کر دیا گیا اور یہ تحقیق 3 ماہ تک جاری رہی۔ ایک گروپ کے شرکاء کو اسٹرابیری کھانے سے گریز کرنے کا کہا گیا، جبکہ دوسرے گروپ کو روزانہ اسٹرابیری کے سپلیمنٹ پاؤڈر کا ایک پیکٹ پانی میں ملا کر ناشتے کے ساتھ استعمال کرنے کو کہا گیا تھا۔
تحقیق کے دوران، تحقیقی ٹیم نے ہر شریک کے علمی فعل کے کئی عناصر، جیسے میٹابولک صحت، طویل مدتی یادداشت، اور عام مزاج کی بھی جانچ کی۔ 3 ماہ کے بعد محققین نے نتیجہ اخذ کیا کہ جن شرکاء نے اسٹرابیری کا پاؤڈر استعمال کیا تھا، انہوں نے ورڈ لسٹ لرننگ ٹیسٹ میں دوسرے گروپ کے مقابلے میں نمایاں طور بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کیا۔
عمر بڑھنے کے ساتھ ہماری علمی صلاحیتیں کم ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔ اسی طرح موٹاپے اور انسولین کے خلاف مزاحمت کی شرح بھی بڑھ جاتی ہے۔ اعصابی سوزش میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم اسٹرا بیری کا استعمال علمی خرابی کو کم کرنے کے ساتھ آپ کی مجموعی صحت کو بہتر بنا سکتا ہے۔