ڈپریشن کی تشخیص اور علاج زندگی بچانے میں مددگار

مردوں میں ڈپریشن کی ذہنی علامات دوسری جنس کے لوگوں سے مختلف، ڈپریشن کے شکار مردوں میں سب سے پہلے جسمانی علامات کا ظہور، ڈپریشن کی کچھ عام ذہنی علامات میں کام پر عدم توجہ، یادداشت، نیند کے مسائل اور منفی خیالات وغیرہ شامل ہیں۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عام طور پر ڈپریشن کو دماغی صحت سے جوڑا جاتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق جسمانی طور پر بھی ڈپریشن کی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔ مردوں میں ڈپریشن کی عام جسمانی علامات میں سینے کی جکڑن، ہاضمے کے مسائل جیسے گیس، اسہال اور قبض، سر درد، ہارمونل مسائل، دل کی دھڑکن تیز ہونا، تیزی سے وزن میں کمی اور بعض اوقات وزن میں اضافہ شامل ہیں۔
مردوں میں ڈپریشن کی ذہنی علامات دوسری جنس کے لوگوں کے مقابلے میں مختلف طریقے سے ظاہر ہو سکتی ہیں، جس سے ڈپریشن کا پتا لگانا مشکل ہو سکتا ہے۔ مردوں میں ڈپریشن کی کچھ عام ذہنی علامات میں کام پر توجہ مرکوز کرنے میں مشکل کا سامنا، یادداشت کے مسائل، نیند کے مسائل، خودکشی کے خیالات وغیرہ شامل ہیں۔ ڈپریشن کا لفظ سنتے ہیں بعض لوگوں کے ذہن میں اداس یا تنہائی پسند شخصیت کا تصور آ جاتا ہے، لیکن کچھ لوگوں میں اس کے علاوہ بھی کچھ علامات ہو سکتی ہیں۔
ڈپریشن کی علامات میں اضطراب، ہمیشہ غصہ آنا، دوست احباب سے دور رہنا، ناامیدی، کام میں دلچسپی کی کمی اور بے چینی جیسی علامات شامل ہیں۔ کچھ مرد ڈپریشن کی علامات کو اس لیے بھی نظرانداز کر لیتے ہیں کیونکہ انہیں اس کے بارے میں معلوم ہی نہیں، دوسری طرف جو افراد ان علامات کو پہچان لیتے ہیں وہ معاشرے کے دباؤ کی وجہ سے علاج کرانے سے کتراتے ہیں۔ ڈپریشن کی بروقت تشخیص اور علاج زندگی بچانے میں مدد کر سکتا ہے۔