مریخ پر جانے والا راکٹ راستے میں ہی تباہ
اسپیس ایکس کا مریخ کے سفر پر دوسرا تجربہ، 1 سو 48 کلومیٹر کی بلندی پر راکٹ سے رابطہ منقطع، تجربہ ناکام ہونے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکیں۔
اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) مریخ کی طرف بھیجا جانے والا راکٹ راستے میں ہی تباہ ہو گیا ہے۔ یہ راکٹ ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔ 1 سو 48 کلو میٹر کی بلندی پر جانے کے بعد راکٹ سے رابطہ ٹوٹ گیا تھا۔
واضح رہے کہ یہ اسپیس ایکس کا مریخ کے سفر پر راکٹ بھیجنے کا دوسرا تجربہ تھا۔ تجربے کے پہلے مرحلے میں راکٹ بوسٹر مرکزی راکٹ سے الگ ہوا اور خلا میں پہنچنے کے بعد تباہ ہو گیا۔ اس سے قبل اپریل میں بھی کمپنی کی جانب سے راکٹ مریخ کی طرف روانہ کیا گیا جو روانگی کے کچھ دیر بعد تباہ ہو گیا تھا۔
تجربے کی ناکامی کی وجوہات کے بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا۔ وجوہات جاننے کیلئے اسپیس ایکس اور ناسا کی مشترکہ تحقیقات جاری ہیں۔ تحقیقات کے بعد ہی تجربہ ناکام ہونے کی وجہ معلوم ہو سکے گی۔