ہڈیوں کو مضبوط کیسے رکھا جائے؟
کیلشیئم ہڈیوں کی مضبوطی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل، وٹامن ڈی کے بغیر ہمارا جسم غذاؤں میں موجود کیلشیئم کو جذب نہیں کر پاتا، ورزش کو روزمرّہ کا معمول بنا کر ہڈیوں کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) طبی ماہرین کے مطابق انسان کی عمر جب 30 سال کی ہو جاتی ہے تو ہڈیوں کا حجم اس وقت عروج تک پہنچ جاتا ہے۔ اس سے آگے عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ ہڈیوں کا حجم گھٹنے لگتا ہے، اور ہڈیوں کی کمزوری یا دیگر مسائل کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ آج ہم کچھ ایسی عادات کے بارے میں بات کریں گے جنھیں اپنا کر ہڈیوں کی حفاظت کی جا سکتی ہے۔
کیلشیئم ہڈیوں کی مضبوطی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ کیلشیئم مختلف غذاؤں جیسے دہی، دودھ، چنوں اور مچھلی میں پایا جاتا ہے۔ اسکے علاوہ ڈاکٹر کےمشورے سے کیلشیئم کے سپلیمنٹس بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
وٹامن ڈی کیلشیئم کو جذب کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ وٹامن ڈی کے بغیر ہمارا جسم غذاؤں میں موجود کیلشیئم کو جذب نہیں کر پاتا اور ہڈیاں کمزور ہوتی ہیں۔ وٹامن ڈی کا حصول سورج کی روشنی اور مختلف غذاؤں جیسے مچھلی، انڈے، فورٹیفائیڈ دودھ سے ممکن ہے۔ اسکے علاؤہ ورزش کو اپنا معمول بنا کر ہڈیوں کو مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔