انسٹاگرام پر اب پسندیدہ ریلز کو ڈاؤن لوڈ کرنا ممکن

ریلز ڈاون لوڈنگ کا فیچر تمام ممالک کے صارفین کیلئے دستیاب، پبلک اکاؤنٹس صارفین کے پاس اپنی ریل ڈاؤن لوڈ کو بند کرنے کا آپشن بھی موجود، ریلز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کی صورت میں ریلز بنانے والے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا واٹر مارک ظاہر ہو گا۔
کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) انسٹاگرام نے اپنے صارفین کیلئے انتہائی اہم فیچر متعارف کرا دیا ہے۔ اب صارفین اپنی پسندیدہ ریلز کو باآسانی ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔ انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے انسٹاگرام کے براڈکاسٹ چینل پر اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اب صارفین کے پاس پبلک اکاؤنٹس کی جانب سے پوسٹ کی گئی ریلز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کا آپشن موجود ہو گا۔
اس سے قبل انسٹاگرام پر ہر صارف صرف اپنی ہی ویڈیو کو ڈاؤن لوڈ کر سکتا تھا۔ دوسرے صارفین کی ویڈیوز اور ریلز کو ڈاون لوڈ کرنے کیلئے ڈاؤن لوڈنگ سافٹ ویئرز کا استعمال کرنا پڑتا تھا۔ اب صارفین کی دوسرے سافٹ ویئر کے جھنجھٹ سے جان چھوٹ جائے گی، کسی بھی ریلز کو دیکھنے کے بعد اسے مرضی کے مطابق آسانی سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکے گا۔
ریلز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کی صورت میں ریلز بنانے والے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا واٹر مارک اس میں ظاہر ہو گا۔ یہ فیچر جون میں صرف امریکہ میں متعارف کروایا گیا تھا تاہم اب یہ تمام ممالک کے صارفین کیلئے دستیاب ہے۔ پبلک اکاؤنٹس کے صارفین کے پاس اپنی ریل ڈاؤن لوڈ کرنے کے فیچر کو بند کرنے کا آپشن بھی موجود ہو گا۔