چیٹ جی پی ٹی کا انسانی آواز میں بات کرنے کا نیا فیچر صارفین کیلئے مفت دستیاب

image

مصنوعی ذہانت کا سافٹ ویئر صارفین کے سوالوں کا جواب دے گا، اس فیچر کو استعمال کرنے کیلئے چیٹ جی پی ٹی کی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنی ہو گی، سوال کا جواب دیتے وقت دائرہ بادل نما شکل اختیار کر لے گا۔

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) چیٹ جی پی ٹی نے اپنے صارفین کیلئے ایک حیرت انگیز فیچر متعارف کرا دیا ہے۔ اس فیچر کے تحت صارفین مصنوعی ذہانت کے سافٹ ویئر سے انسانی آواز میں سوال کر سکیں گے، چیٹ جی پی ٹی ان سوالوں کے اپنی مصنوعی آواز میں جواب دے گا۔ صارفین اس فیچر کو بالکل فری میں استعمال کر سکیں گے اسکے کوئی چارجز لاگو نہیں ہوں گے۔

اس وائس فیچر کو استعمال کرنے کیلئے سب سے پہلے چیٹ جی پی ٹی کی ایپ ڈاؤن لوڈ کرنی ہو گی۔ ایپ انسٹال کرنے کے بعد اسکرین کے نیچے دائیں جانب ہیڈ فون کا آئیکن نظر آئے گا۔ ہیڈ فون کے آئیکن پر کلک کرنے کے بعد آپ کو آواز کے پانچ آپشن دکھائی دیں گے، جن میں جونیپر، امبر، بریز، کویو اور اسکائی شامل ہیں۔

ان پانچ آوازوں میں مرد اور عورت کی بھاری اور دھیمی آوازیں شامل ہوں گی۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی وائس اسسٹنٹ سے سوال کرتے وقت درمیان میں سفید رنگ کا ایک دائرہ ظاہر ہو گا۔ چیٹ جی پی ٹی جب سوال کا جواب دے گا تو یہ دائرہ بادل نما شکل میں تبدیل ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ چیٹ جی پی ٹی کا ہیومن وائس فیچر ستمبر میں متعارف کروایا گیا تھا۔