واٹس ایپ نے ویب ورژن کیلئے بھی ویو ونس کا فیچر متعارف کرا دیا

اس فیچر کے تحت بھیجی جانیوالی تصویر یا ویڈیو کو صرف ایک بار دیکھا جا سکے گا، اس سے قبل یہ سہولت صرف موبائل پر واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کیلئے دستیاب تھی، اس فیچر سے صارفین حساس معلومات جیسے پاس ورڈ یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات وغیرہ شیئر کر سکیں گے اور لیک ہونے کا خطرہ بھی نہیں ہو گا۔
کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) سوشل میڈیا میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے ویو ونس کا فیچر ڈیسک ٹاپ اور ویب ورژن کیلئے بھی متعارف کرا دیا ہے۔ ویو ونس فیچر کے تحت بھیجی جانیوالی تصویر یا ویڈیو کو صرف ایک بار دیکھا جا سکے گا۔ یہ تصاویر اور ویڈیوز ایک بار کھلنے کے بعد چیٹ سے مکمل طور پر غائب ہو جاتی ہیں۔
اس سے قبل یہ سہولت صرف موبائل پر واٹس ایپ استعمال کرنے والوں کیلئے دستیاب تھی۔ واٹس ایپ نے ویڈیو اور تصاویر کی پرائیویسی اور میموری کو بچانے کیلئے یہ فیچر موبائل صارفین کیلئے اگست 2021ء میں متعارف کرایا تھا۔ اب اس فیچر کو ڈیسک ٹاپ اور ویب ورژن کیلئے بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔
ویو ونس فیچر کے تحت جب کوئی صارف ویب ورژن یا ڈیسک ٹاپ ایپ پر تصویر یا ویڈیو اپ لوڈ کرے گا تو وہاں 1 کا آئیکون ظاہر ہو گا۔ ون کے بٹن پر کلک کرکے میسج کو ویو ونس کے طور پر بھیجا جا سکے گا۔ اس فیچر سے صارفین کو حساس معلومات جیسے پاس ورڈ یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات وغیرہ شیئر کرنے کا موقع ملے گا اور لیک ہونے کا خطرہ بھی نہیں ہو گا۔