چینی کا زیادہ استعمال صحت کیلئے نقصان دہ

چینی جسم کی قدرتی انسولین میں رکاوٹ کا باعث، چینی کی کثرت جسم کا وقت سے پہلے ڈھلنے اور چہرے پر جھریاں آنے کا سبب، میٹھا زیادہ کھانے سے دانت خراب ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جیسا کہ ہم جانتے ہیں چینی کا استعمال ہر گھر میں کیا جاتا ہے لیکن چینی کا زیادہ استعمال بہت سی بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ چینی میں موجود ہائی کیلوریز وزن میں اضافے کا باعث بنتی ہیں جس سے موٹاپے کی بیماری پیدا ہوتی ہے۔ چینی جسم میں موجود قدرتی انسولین میں رکاوٹ پیدا کر دیتی ہے جس کے نتیجے میں خون کے خلیے انسولین کی جانب ریسپونس نہیں کر پاتے۔بلڈ شوگر میں اتار چڑھاؤ آنا شروع ہو جاتا ہے اور ذیابیطس ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
چینی کا زیادہ استعمال قوت مدافعت کو کمزور کر دیتا ہے جس کے باعث انفیکشن اور بیماریوں کا خدشہ شدید لاحق ہو جاتا ہے۔ چینی عارضہ قلب کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ سفید چینی کے استعمال سے ٹرائی گلائیسرائڈ لیول، بلڈ پریشر سمیت سوزش پیدا ہوتی ہے۔چینی کے باقاعدہ استعمال سے گلائیکیشن کے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں جس سے جسم کا وقت سے پہلے ڈھلنے کا آغاز ہوتا ہے اور چہرے پر جھریاں نمایاں ہونے لگتی ہیں۔
میٹھا زیادہ کھانے سے دانت خراب ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ منہ میں موجود بیکٹیریا اس میٹھے کو کھاتا ہے اور ایسڈ کو پیدا کرتا ہے جس سے دانتوں کو زنگ لگنے کے ساتھ کیویٹیز کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ کثرت سے چینی کا استعمال ہمارے جسم میں موجود غذائیت سے بھرپور کھانوں کے اثرات کو کم کرتا ہے جس سے ہم اہم ترین وٹامنز اور منرلز سے محروم رہ سکتے ہیں۔