واٹس ایپ صارفین کیلئے اب ایک موبائل پر 2 اکاؤنٹ استعمال کرنا ممکن
فیچر کو استعمال کرنے کیلئے موبائل میں ڈوئل سم سپورٹ کا موجود ہونا ضروری، ملٹی اکاؤنٹ سپورٹ سے صارفین دفتری اور ذاتی زندگی کیلئے الگ الگ اکاؤنٹس کا انتخاب کر سکیں گے، 2 واٹس ایپ اکاونٹس استعمال کرنے کیلئے واٹس ایپ سیٹنگز میں جا کر ایڈ اکاؤنٹ کے آپشن پر کلک کرنا ہو گا۔
کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) سوشل میڈیا میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ اب واٹس ایپ صارفین کیلئے ایک ہی موبائل پر 2 واٹس ایپ اکاونٹ استعمال کرنا ممکن ہو گیا ہے۔ ملٹی اکاؤنٹ سپورٹ سے صارفین دفتری اور ذاتی زندگی کیلئے الگ الگ اکاؤنٹس کا انتخاب کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے اکتوبر میں ملٹی سپورٹ اکاؤنٹس فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اس وقت اس فیچر تک مخصوص صارفین کو ہی رسائی تھی، اب یہ فیچر تمام صارفین کو دستیاب ہے۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کیلئے موبائل میں ڈوئل سم سپورٹ کا موجود ہونا ضروری ہے، کیونکہ 2 اکاؤنٹس استعمال کرنے کیلئے 2 مختلف سم کارڈ درکار ہوں گے۔
2 واٹس ایپ اکاونٹس استعمال کرنے کیلئے صارفین کو سب سے پہلے واٹس ایپ سیٹنگز میں جا کر اپنے نام کے آگے بنے ڈراپ ڈاؤن ایرو پر کلک کرنا ہو گا۔ اس کے بعد ایڈ اکاؤنٹ کے آپشن کا انتخاب کرتے ہوئے اپنا دوسرا فون نمبر درج کرنا ہو گا۔ درج کردہ نمبر پر ایس ایم ایس کے ذریعے 6 ہندسوں پر مشتمل کوڈ موصول ہو گا، کوڈ کا اندراج کرنے کے بعد پروفائل نیم ٹائپ کرنا ہو گا اور پروفائل فوٹو سلیکٹ کرنے کے بعد دوسرا اکاؤنٹ بن جائے گا۔