میڈیٹرینیں ڈائٹ دماغی تنزلی کے امراض جیسے الزائمر سے بچانے میں مددگار

image

 

دماغ صحت مند رکھنے کیلئے بحیرہ روم کے خطے میں استعمال ہونے والی غذا کا استعمال ضروری، سرخ گوشت کا کم استعمال رکھے دماغ صحت مند، پھلوں، سبزیوں، گریوں اور زیتون کے تیل پر غذا کے زیادہ استعمال سے دماغ کو جوان رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

 

تونس: (ویب ڈیسک) بڑھتی ہوئی عمر کے ساتھ انسانی اعضاء بھی بڑھاپے کا شکار ہو جاتے ہیں۔ لیکن ایک مکمل غذائیت سے بھرپور خوراک کے ذریعے ہم اپنے جسم کو طاقتور بنا سکتے ہیں۔ ایک حالیہ تحقیق کے مطابق عمر بڑھنے کے ساتھ دماغ کو جوان رکھنے کیلئے بحیرہ روم کے خطے میں استعمال کی جانے والی غذا کا استعمال عادت بنالیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ میڈیٹیرینیں ڈائٹ کے استعمال سے دماغی تنزلی کے امراض جیسے الزائمر سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔ یہ غذا پھلوں، سبزیوں، اجناس، گریوں، مچھلی، زیتون کے تیل وغیرہ پر مشتمل ہوتی ہے جبکہ اس میں سرخ گوشت کا استعمال بہت کم کیا جاتا ہے۔ اس تحقیق میں 840 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان کی غذائی عادات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

محققین کے مطابق تحقیق کے آغاز میں ان افراد کے خون کے نمونوں میں مختلف مالیکیولز کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ 12 سال کے دوران 5 بار ان افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ اور آخر میں معلوم ہوا کہ میڈیٹیرینیں غذا کے استعمال سے عمر بڑھنے کے ساتھ دماغی تنزلی کے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے الزائیمر اس وقت انسانی جسم کو درپیش سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ اس مرض میں مبتلا فرد کا دماغ آہستہ آہستہ کام کرنا چھوڑ دیتا ہے، سب سے پہلے یادداشت کمزور ہوتی ہے، حتٰی کہ بات موت تک جا پہنچتی ہے۔ دماغی صحت پر سارے جسم کی کارکردگی کا دارومدار ہے۔