انسٹاگرام کے مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم تھریڈز کی جانب سے صارفین کیلئے آسانی

image

تھریڈز کا "کی ورڈ سرچ" اب تمام صارفین کیلئے تمام زبانوں میں متعارف، پہلے یہ فیچر منتخب علاقوں میں دستیاب تھا، انسٹاگرام صارفین اب ریلز کو براہِ راست ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) انسٹاگرام کا مائیکروبلاگنگ پلیٹ فارم تھریڈز نے اب اپنے مخصوص الفاظ کی تلاش کی خصوصیت کو بڑھا کر تمام صارفین اور زبانوں میں متعارف کرا دیا۔ انسٹا گرام کے سربراہ کی جانب سے شیئر کی گئی معلومات کے مطابق یہ فیچر پہلے منتخب علاقوں میں دستیاب تھا لیکن اب اسے تمام صارفین کیلئے پیش کیا جائے گا۔  انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے تصدیق کی کہ مخصوص الفاظ کی تلاش کے فیچر کو اب بڑھایا جا رہا ہے اور یہ تمام تھریڈز صارفین اور تمام زبانوں میں دستیاب ہوگا۔

خیال رہے کہ اس خصوصیت کا ابتدائی طور پر کچھ انگریزی بولنے والے ممالک میں تجربہ کیا گیا تھا اور پھر اسے مزید انگریزی اور ہسپانوی بولنے والے ممالک میں متعارف کرایا گیا تھا۔ موسیری نے مزید کہا کہ تلاش کے عمل میں جلد ہی مزید بہتری آئے گی لیکن انہوں نے اس کی تفصیلات شیئر نہیں کیں کہ کون سی خصوصیات شامل کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ انسٹا گرام کی مائیکرو بلاگنگ سائٹ تھریڈز اپنے فیچرز میں مسلسل اضافہ کرنے کو کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

حال ہی میں تھریڈز  نے لنک شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کو حذف کیے بغیر پروفائلز کو حذف کرنے کی صلاحیت کو بھی متعارف کرایا۔ یہ فعالیت اس وقت دستیاب نہیں تھی جب جولائی میں تھریڈز کو متعارف کیا گیا تھا۔ یاد رہے کہ قبل ازیں فوٹو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے اپنے صارفین کیلئے ایک اور نیا فیچر متعارف کرایا، اب صارفین ریلز کو براہ راست ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔ میٹا کی ذیلی ایپ میں اس نئی اپ ڈیٹ کے بعد صارفین کو پبلک اکاؤنٹ سے ریلز ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے کسی ثالث فریق ایپ کی ضرورت نہیں ہوگی۔