پاکستانی پائلٹ چین کے خلائی اسٹیشن پر جانے کیلئے تیار

image


اسلام آباد:(ٹیکنالوجی ڈیسک) چین کے خلائی اسٹیشن پر تعیناتی کیلئے دو پاکستانی پائلٹس کی تربیت آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ پاکستانی فائٹر پائلٹ ذیشان علی اور خرم داؤد، اس وقت چین میں ٹریننگ کر رہے ہیں اور چینی زبان بھی سیکھ رہے ہیں۔ آخر میں ان دونوں میں سے کسی ایک کو منتخب کیا جائے گا، جس کا فیصلہ اکتوبر 2026ء میں ہوگا۔

سپارکو نے آغاز میں 42 لوگوں کو شارٹ لسٹ کیا تھا، جس میں پائلٹ اور سائنسدان دونوں تھے۔ سائنسدان جہاز کی تیز رفتاری اور دباؤ برداشت نہیں کر سکتے، اس لیے فائٹر پائلٹ کو چنا گیا۔ پاکستانی پائلٹ خلا میں جا کر جہاز نہیں چلائے گا بلکہ وہ "پے لوڈ اسپیشلسٹ" ہوگا۔ مطلب وہ پاکستان کے سائنسی تجربات کرے گا۔ 

کراچی، لاہور، اسلام آباد کی یونیورسٹیوں نے 300 تجربات بھیجے تھے، چین نے ان میں سے 4 بائیو ٹیکنالوجی کے تجربات منتخب کیے ہیں جو خوراک اور موسم کی تبدیلی پر ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کا اپنا راکٹ نہیں ہے، یہ سارا مشن چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن سے ہوگا۔ منتخب پائلٹ چین سے ہی خلا میں جائے گا اور واپسی پر صحت یابی کے مراحل سے گزر کر کچھ دن آرام کے بعد پاکستان آئے گا۔