اے آئی سوشل میڈیا سے بھی زیادہ خطرناک ہو سکتی ہے: سابق گوگل چیف

image


کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) گوگل کے سابق سیفٹی سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ اے آئی بچوں کیلئے سوشل میڈیا سے بھی زیادہ سنگین مسائل پیدا کر سکتی ہے۔ گوگل میں ٹرسٹ اینڈ سیفٹی ٹیم کے بانی اور سابق نائب صدر ٹام سیگل نے اے آئی کی ترقی کی رفتار میں کمی لانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کمپنیاں بچوں کی حفاظت میں وہی غلطیاں دہرا رہی ہیں جو انہوں نے سوشل میڈیا کے وقت کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امید رکھنا درست نہیں کہ کمپنیاں خود ہی بچوں کو محفوظ رکھنے کے سارے مسئلے حل کر لیں گی۔ 

اے آئی کیلئے باہر کے ماہرین، آزاد اداروں اور حکومتی نگرانی کی ضرورت ہے، ورنہ بچوں کو خودکشی جیسے مواد، ذہنی مسائل اور سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کم ہونے جیسے خطرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ سیگل اب بچوں کے تحفظ کیلئے کام کرنے والے ادارے "کامن سینس میڈیا" میں شامل ہو گئے ہیں، وہاں بچوں کیلئے اے آئی کے حفاظتی معیار بنائیں گے۔ 

انہوں نے تجویز دی کہ اے آئی ٹولز کی جانچ اسی طرح ہونی چاہیے جیسے گاڑیوں کی سیفٹی ٹیسٹ ہوتا ہے۔ کمپنیوں کو عمر کی تصدیق کا سخت نظام بنانا چاہیے تاکہ چھوٹے بچے غلط اے آئی ٹولز استعمال نہ کر سکیں۔ اس حوالے سے گوگل کا کہنا ہے کہ والدین کے پاس بچوں کی سرچ بند کرنے کا اختیار موجود ہے اور اے آئی سیکھنے میں مدد دیتی ہے، جبکہ اوپن اے آئی نے کہا کہ وہ عمر چیک کرنے کا نظام بہتر بنا رہی ہے۔