تبوک ایئرپورٹ پر فلائی دبئی کی ہنگامی لینڈنگ
ابو ظہبی: (ویب ڈیسک) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی سیکیورٹی ٹیموں کی مشترکہ ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ تبوک ایئرپورٹ پر فلائی دبئی کی پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کی وجہ معاون پائلٹ کی جانب سے کپتان پر مبینہ حملہ تھا۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ 1073 نے 30 ستمبر کو صبح 9 بج کر 45 منٹ پر تبوک کے پرنس سلطان بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت ہنگامی لینڈنگ کی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے کے نتیجے میں کپتان اور معاون پائلٹ دونوں کو مختلف نوعیت کی چوٹیں آئیں۔
ہنگامی لینڈنگ کے بعد دونوں زخمی پائلٹس کو فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔ سعودی حکام کے مطابق شام 5 بج کر 40 منٹ پر تمام مسافروں کو فلائی دبئی کے متبادل طیارے کے ذریعے ان کی منزل کی جانب روانہ کر دیا گیا۔ پرواز کا عملہ بھی اسی متبادل طیارے کے ذریعے دبئی واپس چلا گیا۔
طبیعت بہتر ہونے اور ڈاکٹروں کی اجازت ملنے کے بعد یکم اکتوبر کو کپتان اور معاون پائلٹ کو اماراتی سیکیورٹی ٹیم کی خصوصی نگرانی میں ابوظبی روانہ کر دیا گیا۔ سعودی اور اماراتی سیکیورٹی ٹیمیں واقعے کی ابتدائی تحقیقات کر رہی ہیں۔ حکام کی جانب سے جاری تفصیلات میں پرواز کے دوران پیش آنے والے واقعے کو ہنگامی لینڈنگ کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔