چینی سوشلزم کی برتری اور قومی نشاۃ ثانیہ کو ناقابل روک قرار دے دیا

image

_بیجنگ: (ویب ڈیسک) صدر شی جن پنگ نے چین کے قیام کی 77 ویں سالگرہ کی مناسبت سے عظیم عوامی ہال میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب میں کہا کہ طویل جدوجہد اور عملی تجربات نے ثابت کیا ہے کہ چینی خصوصیات کا حامل سوشلسٹ نظام بہترین نظام ہے اور اسی کی بدولت طرز حکمرانی میں جدیدیت آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی قوم کی عظیم نشاۃ ثانیہ اب ناقابل واپسی حقیقت بن چکی ہے، اگر ہم اعتماد کے ساتھ اہداف پر فوکس رکھیں تو حتمی کامیابی کمیونسٹ پارٹی اور چینی عوام کی ہی ہوگی۔ گزشتہ 77 برسوں میں پارٹی نے عوام کو متحد کر کے تیز اقتصادی ترقی اور طویل سماجی استحکام کو یقینی بنایا اور پہلے صد سالہ ہدف یعنی خوشحال معاشرے کی تکمیل کر لی ہے، اب ہم دوسرے ہدف یعنی مضبوط سوشلسٹ جدید ملک کی تعمیر کی جانب گامزن ہیں۔

صدر شی نے کہا کہ دنیا اس وقت بڑے تغیرات سے گزر رہی ہے، ایسے میں چین کو انسانیت کے مشترکہ مستقبل کے حامل معاشرے کی تشکیل کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ عالمی استحکام میں اضافہ ہو۔ تقریب میں ملکی و غیر ملکی مہمانوں نے چین کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔