مریم نواز کا اٹک میں 23 ارب روپے سے 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

image

اٹک: (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اٹک میں 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا، جن میں 59 سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ افتتاح کیے جانے والے منصوبوں میں فتح جنگ پنڈی گھیب روڈ، ڈھوک لاہم تا جھمات روڈ اور مٹھیال چوک تا ڈھوک پٹھان روڈ سمیت دیگر ترقیاتی کام شامل ہیں۔ اٹک آمد پر شہریوں کی بڑی تعداد نے وزیراعلیٰ کا پرتپاک استقبال کیا۔ کامسیٹس یونیورسٹی کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ وہ عوام کے درمیان رہنے اور ان سے براہ راست رابطے کو اہمیت دیتی ہیں، جبکہ ماضی میں عوام کو قیادت سے دور رکھا جاتا تھا۔

مریم نواز نے کہا کہ مشکلات سے گھبرانا اور ہمت ہارنا نہیں چاہیے، کیونکہ کامیابی کے لیے سخت حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے مطابق عوام کی خدمت سے ملنے والا سکون کہیں اور نہیں ملتا۔ انہوں نے بتایا کہ اٹک کے بازار کو خوبصورت بنایا گیا ہے اور بارش کے بعد پانی میں ڈوبنے والے شہر کے مسائل حل کرنے کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج ہونہار طلبہ ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور اٹک کے شہری علاقوں کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

کرپشن کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کوئی ایک روپیہ کرپشن ثابت کردے تو وہ اللہ اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گی۔ انہوں نے وفاقی وزیر چوہدری سالک کو ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے پاس الزامات کے ثبوت ہیں تو سامنے لائیں، بصورت دیگر انہیں عدالت میں جواب دینا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے پرویز الٰہی کے دورِ حکومت سے متعلق چوہدری سالک کے بیان پر بھی ردعمل دیا اور گجرات میں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کا حوالہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں افسران کی تعیناتی میرٹ پر کی جاتی ہے اور سفارش کی بنیاد پر تقرریاں عوام اور ملک کے مفاد کو نقصان پہنچاتی ہیں۔

#NationalNews
#3rdNov2026
#MaryamNawaz
 #PunjabDevelopment
 #Attock
 #RoadProjects
 #PunjabGovernment
 #Pakistan
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational 
#TheViewsNetwork