اندرون ملک فضائی سفر میں فلائی جناح پہلے نمبر پر، پی آئی اے دوسرے نمبر پر آگئی

image

لاہور: (نیوز ڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی کے 2024-25ء کے اعدادوشمار کے مطابق فلائی جناح نے اندرون ملک 19 لاکھ 67 ہزار مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچایا۔ پی آئی اے کے ذریعے 18 لاکھ 51 ہزار، ایئر بلیو کے ذریعے 10 لاکھ 4 ہزار اور ایئر سیال کے ذریعے 8 لاکھ 13 ہزار مسافروں نے سفر کیا۔ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں مجموعی طور پر 37 ایئرلائنز فضائی خدمات فراہم کر رہی ہیں، جن میں 5 ملکی اور 32 غیر ملکی ایئرلائنز شامل ہیں۔ ملکی ایئرلائنز میں فلائی جناح، پی آئی اے، ایئر بلیو، ایئر سیال اور ساؤتھ ایئر شامل ہیں، جبکہ سرین ایئر اکتوبر 2025 سے بند ہے۔

بین الاقوامی فضائی سفر کے شعبے میں امارات ایئرلائنز پاکستان سے ہفتہ وار 39 پروازیں چلا کر نمایاں مقام رکھتی ہے۔ سعودی ایئرلائنز 30 اور اتحاد ایئرلائنز 23 ہفتہ وار پروازیں آپریٹ کرتی ہیں، جبکہ قطر ایئرویز کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد 28 بتائی گئی ہے۔ دستیاب اعدادوشمار کے مطابق امارات ایئرلائنز کراچی سے روزانہ 7 پروازیں بھی چلاتی ہے۔ پاکستان کی بین الاقوامی فضائی سفری مارکیٹ میں سالانہ تقریباً ڈیڑھ کروڑ سے ایک کروڑ 60 لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں، جن میں امارات ایئرلائنز کا حصہ 18 سے 20 فیصد بتایا جاتا ہے۔

اندازوں کے مطابق امارات ایئرلائنز پاکستان سے سالانہ تقریباً ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کے فضائی ٹکٹ فروخت کرتی ہے، جبکہ کارگو سے حاصل ہونے والی آمدن اس کے علاوہ ہے۔ قطر ایئرویز کی پاکستان سے سالانہ آمدن 80 سے 90 کروڑ ڈالر اور سعودی ایئرلائنز کی آمدن 70 سے 75 کروڑ ڈالر لگائی گئی ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان سے بین الاقوامی فضائی ٹکٹوں کی آمدن کا تقریباً دو تہائی حصہ غیر ملکی ایئرلائنز حاصل کر رہی ہیں۔ کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق ملکی ایئرلائنز کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، بصورت دیگر بین الاقوامی فضائی سفر سے حاصل ہونے والی آمدن کا بڑا حصہ بیرون ملک منتقل ہوتا رہے گا۔

#NationalNews
#4thNov2026
#FlyJinnah
 #PakistanAviation
 #DomesticFlights
 #PIA
 #AirTravel
 #AviationIndustry
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNNational 
#TheViewsNetwork