افغانستان میں ایک کروڑ 59 لاکھ افراد خوراک کی شدید کمی کا شکار

image

نیویارک:‏ (ویب ڈیسک) افغانستان میں غذائی بحران مزید سنگین ہوگیا ہے، جہاں ایک کروڑ 59 لاکھ افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے مطابق ملک میں خوراک کی کمی اور غذائیت کا بحران مسلسل شدت اختیار کر رہا ہے، جبکہ آئندہ برسوں میں بچوں کی صحت کو بھی بڑے خطرات لاحق ہیں۔

افغان خبر ایجنسی کے مطابق یونیسیف نے بتایا ہے کہ ستمبر اور اکتوبر 2026 کے دوران افغانستان کی تقریباً 32 فیصد آبادی کو خوراک کی شدید کمی کا سامنا رہا۔ اگست سے اکتوبر کے دوران بچوں میں غذائی قلت کے باعث جسمانی کمزوری اور وزن میں غیر معمولی کمی کی شرح اس مخصوص مدت کے لیے بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ یونیسیف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ موسم سرما میں بحران مزید شدت اختیار کرسکتا ہے، جبکہ جنوری سے دسمبر 2027 تک 6 ماہ سے 59 ماہ کی عمر کے تقریباً 40 لاکھ 40 ہزار بچوں کو غذائی قلت کے باعث علاج کی ضرورت پیش آئے گی۔

رپورٹ کے مطابق عالمی امداد میں کمی، مہاجرین کی واپسی، طبی مراکز کی بندش اور ادویات کی قلت نے افغانستان میں انسانی بحران کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ خواتین اور بچوں کو طبی سہولتوں کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ خواتین طبی عملے کی کمی بھی ایک بڑا چیلنج بن رہی ہے۔ دوسری جانب عالمی ادارہ خوراک کے مطابق 2026 میں بہتر بارشوں اور زرعی پیداوار میں اضافے کے باوجود متعدد خاندان مناسب اور غذائیت سے بھرپور خوراک خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے، جبکہ مالی وسائل کی کمی کے باعث بڑھتی ہوئی انسانی ضروریات پوری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔


#InternationalNews
#23rdNov2026
#Afghanistan
 #FoodCrisis 
#UNICEF
 #ChildMalnutrition
 #HumanitarianCrisis #WorldFoodProgramme
#TVN
#TVNUrdu
#TVNWorld
#TheViewsNetwork