امریکہ شرائط پوری کرے تو چند گھنٹوں میں آبنائے ہرمز کھول سکتے ہیں، ایران کی پیشکش

image

تہران:‏ (ویب ڈیسک) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ معاہدہ طے پانے اور متعلقہ شرائط پوری ہونے کی صورت میں ایران انتہائی تیزی سے اقدامات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنے عوام کے حقوق اور قومی مفادات کے دفاع سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا۔ان کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دی گئی اس دھمکی کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر نئے سال تک ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ ہوسکا تو امریکہ دوبارہ جنگ شروع کرنے پر غور کرسکتا ہے۔

ایرانی ترجمان سے سوال کیا گیا کہ کیا معاہدہ طے پانے کے صرف دو گھنٹے بعد اس اہم آبی گزرگاہ کو مکمل طور پر کھولا جاسکتا ہے؟ اس پر اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اپنے وعدوں کی پاسداری کے لیے پُرعزم ہے اور دوسری جانب سے متعلقہ شرائط پوری کیے جانے پر ان پر جلد از جلد عمل درآمد کرے گا۔اسماعیل بقائی نے امریکہ کی جانب سے مسلسل دھمکیوں اور جنگ میں کامیابی کے دعوؤں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے فتح کے اعلانات تقریباً روزانہ کا معمول بن چکے ہیں۔ ان کے مطابق ایران اپنے مقاصد اور عوام کے حقوق سے پوری طرح آگاہ ہے اور ان کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چند گھنٹے قبل خبردار کیا تھا کہ نئے سال تک ایران کے ساتھ معاہدہ نہ ہونے کی صورت میں دوبارہ جنگ شروع ہوسکتی ہے۔ ایک جانب امریکی صدر کے بیان نے خطے میں کشیدگی اور خدشات کو بڑھایا ہے تو دوسری جانب ایرانی عسکری قیادت کے سخت بیانات، زیر زمین میزائل سرنگوں اور نئے لانچرز کی نمائش کے بعد اسماعیل بقائی کے تازہ بیان نے سفارتی پیشرفت کی مشروط امید اور ایران کے سخت مؤقف کے درمیان جاری کشمکش کو نمایاں کردیا ہے۔‏


#InternationalNews
#23rdNov2026
#Iran 
#StraitOfHormuz #USA
 #DonaldTrump
 #IranUSRelations
 #MiddleEast
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNWorld
#TheViewsNetwork