یوٹیوب پر کونٹینٹ بنانے والوں کو جدید اے آئی سہولیات فراہم

یوٹیوب اسٹوڈیو اینی لیٹکس میں ‘انسپیریشن ٹیب’ کا اضافہ، اپ ڈیٹ کا مقصد تخلیق کاروں کو ان کے جیسے چینلز سے متعلق کلی فہم فراہم کرنا، ٹک ٹاک کی جانب سے اسٹریکس نامی فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جو کہ اسنیپ چیٹ کے اسٹریکس فیچر سے ملتا جلتا ہے۔
کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) یوٹیوب نے کونٹینٹ بنانے والوں کو جدید اے آئی سہولیات فراہم کرنا شروع کردی ہیں۔ یوٹیوب نے یوٹیوب اسٹوڈیو اینی لیٹکس میں ‘انسپیریشن ٹیب’ کا اضافہ کیا ہے جو ویڈیو بنانے والوں کو نئے خیالات کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی تجاویز دے گا۔ اس فیچر کے تحت سامنے آنے والے نتائج میں سرچ ٹرینڈز کے اور ‘بریک آؤٹ’ ویڈیو کلپس شامل ہوں گے۔
یوٹیوب انتطامیہ کا کہنا ہے کہ بریک آؤٹ ویڈیوز مماثلت رکھنے والے دیگر چینلز کی ان ویڈیوز کو واضح کریں گی جن کی کارکردگی اچھی رہی ہوگی۔ واضح رہے کہ اس اپ ڈیٹ کا مقصد تخلیق کاروں کو ان کے جیسے چینلز کے متعلق کلی فہم فراہم کرنا ہے کہ ان کے ناظرین میں کیا چیز مقبول ہو رہی ہے۔ تخلیق کار سرچ بار میں ایک عنوان درج کریں گے اور یوٹیوب کا مصنوعی ذہانت کا نظام تخلیق کار کے چینل کے ناظرین کی دلچسپی کے مطابق مشورے اور نوٹس فراہم کرے گا۔
دوسری جانب ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ‘ٹک ٹاک’ کی جانب سے اسٹریکس نامی فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جو کہ اسنیپ چیٹ کے اسٹریکس فیچر سے ملتا جلتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ فیچر فی الحال صرف محدود صارفین کے اکاؤنٹس پر آزمایا جارہا ہے۔ ٹک ٹاک انتظامیہ نے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے لیکن مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ ٹک ٹاک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ نئی اپ ڈیٹس اور نئے فیچرز آزما رہے ہیں۔