پاکستان کے علاؤہ دیگر ممالک میں بھی ایکس کو بندش کا سامنا

image

مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس قومی سلامتی کیلئے خطرہ، عام انتخابات کے بعد پاکستان میں ایکس سروس بند، ملک بھر میں صحافتی، کاروباری اور دیگر ادارے اور افراد وی پی این کے ذریعے ایکس چلانے پر مجبور ہیں۔

اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو پاکستان کے علاؤہ بھی متعدد ممالک میں بندش کا سامنا ہے۔ دنیا بھر کے ایک درجن سے زائد ممالک میں ایکس کی سروس جزوی یا مکمل طور پر بند ہے۔ ان ممالک میں چین، روس، ترکمانستان، ایران، میانمار، ازبکستان اور شمالی کوریا سمیت دیگر چھوٹی ریاستیں اور جزائر شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں فروری 2024ء میں ہونے والے عام انتخابات کے ایک ہفتے بعد سے ایکس سروس بند ہے۔ گزشتہ 6 ماہ کے دوران متعدد بار جزوی طور پر اسے بحال کیا جا چکا ہے لیکن مکمل طور پر اس کی سروس بحال نہیں کی گئی۔ حکومت پاکستان نے 8 جولائی کو سندھ ہائی کورٹ کو بتایا کہ مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے، اس لیے اس پر عائد پابندی ختم نہیں کی جا سکتی۔

ملک بھر میں صحافتی، کاروباری اور دیگر ادارے اور افراد وی پی این کے ذریعے ایکس چلانے پر مجبور ہیں۔ اسرائیل، امریکہ، برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک میں آج بھی یہودیوں کے خلاف مواد یا ٹوئٹ کرنے پر ایکس مذکورہ اکاؤنٹ کو معطل یا مکمل طور پر بند کر دیتا ہے۔ امریکہ جیسے ملک میں کئی سال سے ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کا خطرہ قرار دے کر بار بار معطل یا بند کر دیا جاتا رہا ہے۔